تو کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے برازیل کو دنیا میں بدترین حکمت عملی اختیار کرنے والا ملک قرار دیا گیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ سب سے بہترین۔
یہ بات آسٹریلیا کے ایک تھنک ٹینک کی تحقیق میں سامنے آئی۔
لووی انسٹیٹوٹ نے لگ بھگ سو ممالک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات کا تجزیہ 6 زمروں بشمول مصدقہ کیسز، اموات اور ٹیسٹنگ کے تحت کیا۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ان زمروں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے سے عندیہ ملتا ہے کہ کس ملک کی کارکردگی وبا کے خلااف اچھی یا بدترین رہی۔
نیوزی لینڈ کے بعد سرفہرست 10 ممالک میں بالترتیب ویت نام، تائیوان، تھائی لینڈ، قبرص، روانڈا، آئس لینڈ، آسٹریلیا، لٹویا اور سری لنکا شامل ہیں۔
دوسری جانب بدترین ممالک میں برازیل کے بعد میکسیکو کولمبیا، ایران، امریکا، بولیویا، پاناما، اومان، چلی اور گوئٹے مالا رہے، جبکہ بھارت 12 واں بدترین ملک قرار دیا گیا۔
کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات کے حوالے سے 98 ممالک کی اس فہرست میں پاکستان کو 69 واں نمبر دیا گیا۔
برازیل میں کورونا وائرس کے نتیجے میں 2 لاکھ 18 ہزار سے زیادہ اموات ہوئی ہیں اور امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
براعظم امریکا کے سب سے زیادہ آبادی والے ان دونوں ممالک میں میں قوم پرست رہنماؤں نے کووڈ 19 کے خطرات کو جھٹلاتے ہوئے فیس ماسک پہننے کا مذاق اڑایا، لاک ڈاؤنز کی مخالفت کی اور خود بھی وائرس کا شکار ہوئے۔
اس فہرست میں چین کو شامل نہیں کیا گیا تھا جس کے بارے میں تھنک ٹینک کا کہنا تھا کہ چین کا ٹیسٹنگ کا ڈیٹا عوامی طور پر دستیاب نہیں۔