’لاڑکانہ، لاہور اور اسلام آباد میں بھی بختاور کی شادی کی تقریبات ہوں گی‘
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بہن بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی مبارک باد دینے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بہن کی شادی کی تقریبات کراچی کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی ہوں گی۔
پیپلز پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کی جانے والی ٹوئٹس میں بلاول بھٹو نے بی بی بختاور بھٹو زرداری کی شادی پر مبارک باد کے پیغامات دینے والوں سے اظہار تشکر کیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار بھی کیا کہ کورونا کے باعث انہوں نے کم مہمانوں کو مدعو کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سالگرہ کے دن سے بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات کا آغاز
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ کورونا سے احتیاطی تدابیر کی وجہ سے کم مہمانوں کو شادی کی تقریب میں مدعو کیا گیا تاہم ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ان کی بہن کی شادی کی تقریبات کراچی کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی ہوں گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے تصدیق کی کہ ان کی بہن کی شادی کی تقریبات لاڑکانہ، لاہور اور اسلام آباد میں بھی منعقد کی جائیں گی، جن میں ملک کی اہم سیاسی و سماجی شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری کے مطابق دیگر شہروں میں شادی کی تقریبات منعقد کرنے کا مقصد دوستوں اور بی بی کے دیگر اہل خانہ اور چاہنے والوں کو خوشیوں میں شریک کرنا ہے۔
خیال رہے کہ بختاور بھٹو کی شادی کی مرکزی تقریبات کراچی میں ہوں گی اور ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ان کے 31 ویں جنم دن یعنی 25 جنوری سے شروع ہوگیا۔
شادی کی تقریبات کے آغاز پر بختاور بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر محفل میلاد منعقد کی گئی تھی، جس کے بعد دیگر تقریبات کا آغاز ہوا۔
گزشتہ شب بختار بھٹو کی شادی کی مرکزی تقریبات کا آغاز ہوا تھا اور ان کی مہندی کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات کیلئے مقامی فنکار مدعو
بختاور بھٹو کا نکاح 29 جنوری کو ہوگا جب کہ ان کی شادی کی ایک تقریب 30 جنوری کو بلاول ہاؤس میں ہوگی، جس میں 300 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
بلاول ہاؤس میں جاری شادی کی تقریبات میں مقامی فنکاروں کو پرفارمنس کے لیے بھی طلب کیا گیا ہے، تقریبات میں سندھی و بلوچی گیتوں پر ڈانس پرفارمنس کے لیے لاڑکانہ سے لوک ڈانسر شمن علی چانڈیو اور ان کی ٹیم کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
بختاور بھٹو کے ہونے والے شوہر محمود چوہدری بھی اہل خانہ اور انتہائی قریبی دوستوں کے ہمراہ گزشتہ ہفتے دبئی سے پاکستان پہنچے تھے۔
محمود چوہدری اور بختاور بھٹو زرداری نے 27 نومبر 2020 کو بلاول ہاؤس کراچی میں منگنی کی تھی۔