آئی فون 12 میں موجود مقناطیس پیس میکرز کو متاثر کرسکتا ہے، ایپل کا انتباہ
ایپل نے خبردار کیا ہے کہ آئی فون 12 سیریز کے فونز ممکنہ طور پر طبی ڈیوائسز جیسے پیس میکرز میں برقی مقناطیسی مداخلت کا باعث بن سکتے ہیں۔
ایپل کی جانب سے آئی فون 12 سیریز کے سپورٹ دستاویز کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے یہ انتباہ کیا گیا۔
کمپنی نے بتایا کہ آئی فون اور میگ سیف ایسیسریز سے میڈیکل ڈیوائسز کو کم از کم 6 انچ دور رکھنا چاہیے یا وائرلیس چارجنگ پر یہ فاصلہ 12 انچ ہونا چاہیے۔
ایپل نے زور دیا کہ میگ سیف اور میگ سیف ڈو میں موجود ریڈیو سگنل ہوتے ہیں اور ان کے مقناطسی و برقی مقناطیسی میدان میڈیکل ڈیوائسز کے افعال میں مداخلت کرسکتے ہیں۔
کمپنی نے کہا کہ آئی فون 12 سیریز میں دیگر ایپل اسمارٹ فونز سے زیادہ مقناطیس موجود ہے، تاہم طبی آلات کو ڈیوائسز سے کچھ دور رکھنے سے کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔
جنوری کے شروع میں ایک مضمون میں امریکا کے 3 ڈاکٹروں نے ایک آئی فون 12 اور ایک مریض میں نصب کارڈیووسکولر defibrillator میں تعلق کا جائزہ لیا گیا۔
ٹیسٹ کے دوران یہ میڈیکل ڈیوائس سسپنڈ موڈ میں چلی گئی۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ طبی ڈیوائسز تیار کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے مریضوں اس حوالے سے خبردار کرنا چاہیے، کیونکہ اس بات کی ضمانت نہیں کہ ایپل کی جانب سے جاری سیفٹی انفارمیشن کو تمام صارفین پڑھتے ہیں۔