پاکستان

مریم نواز نے کھوکھر برادران سے زمین واگزار کرانے کے آپریشن کو ’سیاسی انتقام‘ قرار دے دیا

ایک قانون ہے جو طاقتور کے بنی گالا کے ناجائز محل کو قانونی بناتا ہے، دوسرا قانون مخالفین کیلئے ہے، نائب صدر مسلم لیگ (ن)
|

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور میں کھوکھر برادران کے خلاف سرکاری زمین واگزار کرانے کے آپریشن کو ’سیاسی انتقام‘ قرار دے دیا۔

مریم نواز نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک جاری پیغام میں کہا کہ ایک قانون ہے جو طاقتور کے بنی گالا کے ناجائز محل کو قانونی بنا دیتا ہے جبکہ دوسرا قانون مخالفین کے لیے ہے، جس کے شر سے اپوزیشن کے گھر محفوظ نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نواز شریف سے وفا کے جرم میں انتقام کا نشانہ بننے والے سب ساتھیوں کو سلام اور ہر ظلم کا حساب ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’کھوکھر برادران جماعت کا بڑا سرمایہ ہیں، ظلم کا سامنا کیا مگر پیچھے ہٹے اور نہ ہی نواز شریف سے بے وفائی کی۔

خیال رہے کہ کھوکھر برادران کے خلاف 38 کنال سرکاری زمین کی واگزاری کا بڑا آپریشن کیا گیا۔

ضلعی حکومت کے ترجمان کے مطابق آپریشن ایکسپو سینٹر کے پاس کیا گیا اور کھوکھر برادران سے سرکاری زمین واگزار کروا لی گئی۔

مزید پڑھیں: حکومت کا زمین کے حصول کیلئے پنجاب یونیورسٹی پر دباؤ

انہوں نے بتایا کہ زمین کی مالیت سوا ارب روپے ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ کھوکھر برادران نے جعل سازی سے زمین پر قبضہ کیا تھا اور کلکٹر اشتمال کے فیصلہ کی روشنی میں آج آپریشن کر کے زمین کو واگزار کروایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کھوکھر برادران کو زمین کو چھوڑنے کے نوٹس بھی جاری کیے گئے تاہم ان کی جانب سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

مزید پڑھیں: لاہور: انتظامیہ نے منشابم سے غیر قانونی 80 کینال اراضی واگزار کرالی

ترجمان ضلعی حکومت نے بتایا کہ 38 کنال جگہ پر بنے تعمیراتی ڈھانچے اور دکانوں کو مسمار کر دیا گیا اور اے ڈی سی آر لاہور اور ایس ایس آپریشنز نے آپریشن نے نگرانی کی۔

انہوں نے بتایا کہ زمین واگزار کروا کر پنجاب حکومت کے حوالے کر دی گئی ہے۔

ایس ایس پی چوہدری اسلم کی زندگی پر بنی فلم کا ٹیزر جاری

ہوٹل منیجر کی انگلش کا مذاق اڑانے والی مالکان پر علی گل پیر کی 'ویڈیو'

چین: دو ہفتے بعد زیر زمین پھنسے 11 کان کنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا