سبی میں بارودی سرنگ کا دھماکا، 4 ایف سی اہلکار شہید
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے سانگان میں بارودی سرنگ پھٹنے کے نتیجے میں فرنٹیئر کورپس (ایف سی) ’نارتھ ونگ‘ کے ونگ سبی اسکاؤٹس کے 4 اہلکار شہید اور 5 دیگر زخمی ہوگئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ بدھ کے روز ضلع سبی کے علاقے سنگان میں پیش آیا جہاں سبی اسکاؤٹس اہلکار ایک نئی چیک پوسٹ کے قیام کے لیے علاقے کو کلیئر کرنے میں مصروف تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ 'نامعلوم شرپسندوں نے علاقے میں بارودی سرنگ نصب کی تھی جب سیکیورٹی اہلکاروں پر مشتمل ایک گاڑی اس کے اوپر سے گزری تو دھماکا ہوگیا'۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا ڈوزیئر اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری کے سپرد
ذرائع نے مزید بتایا کہ چار فوجی موقع پر ہی شہید جبکہ دیگر پانچ زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیا اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا۔
باجوڑ آپریشن میں دو دہشت گرد ہلاک
ڈان اخبار کی ایک علیحدہ رپورٹ کے مطابق تحصیل عثمان خیل میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے قبائلی ضلع باجوڑ میں دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنانے کا دعوی کیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی بدھ کی رات کو اس اطلاع پر کی گئی تھی کہ باجوڑ ضلع کے ہیڈ کوارٹر خار سے 22 کلومیٹر دور قزافی کے علاقے میں کچھ دہشت گرد موجود ہیں اور اس علاقے میں تخریب کاری کی سرگرمیوں کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی نفری فوری طور پر علاقے میں روانہ کردی گئی اور جب سیکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا تو عسکریت پسندوں نے ان پر آٹومیٹک رائفلز سے فائرنگ کردی۔
یہ بھی پڑھیں: 'دہشت گردی کے بڑے واقعات میں 2019 کی نسبت 2020 میں 45 فیصد کمی آئی'
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں تحریک طالبان پاکستان کے دو اہم رہنما مارے گئے۔
آپریشن میں بھاری مقدار میں رائفلز اور دیگر اسلحہ، دھماکا خیز مواد، بارودی سرنگیں اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
ذرائع نے ہلاک ہونے والے عسکریت پسند رہنماؤں کی شناخت نہیں کی تاہم دعوٰی کیا کہ وہ دہشت گردی کے مشن پر تھے۔