دنیا

یوکرین: نرسنگ ہوم میں آتشزدگی سے 15 افراد ہلاک

دو منزلہ عمارت کی دوسری منزل پر آگ دوپہر کے وقت لگی، جہاں 33 افراد اندر موجود تھے، ریاستی ایمرجنسی سروس

یوکرین کے مشرقی قصبے خارکیف کے نرسنگ ہوم میں آتشزدگی سے 15 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق یوکرین کی ریاستی ایمرجنسی سروس نے کہا کہ دو منزلہ عمارت کی دوسری منزل پر آگ دوپہر کے وقت لگی، جہاں 33 افراد اندر موجود تھے۔

سروس کی جانب سے جاری تصویر میں دوسری منزل کی ٹوٹی ہوئی کھڑکیوں سے دھواں نکلتے دیکھا گیا۔

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے وزیر داخلہ پر زور دیا کہ وہ اپنی سربراہی میں واقعے کی تحقیقات کا آغاز کریں۔

پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے مجرمانہ تحقیقات شروع کردی ہے اور ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ الیکٹرک ہیٹنگ ڈیوائسز کے لاپرواہی سے استعمال کی وجہ سے لگی۔

یہ بھی پڑھیں: یوکرین کے اولڈ ہاؤس میں آتشزدگی، 17 افراد ہلاک

واضح رہے کہ یوکرین میں صحت اور حفاظت کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد نہ ہونے اور عمارتوں کے خستہ حال ہونے کے باعث اکثر آگ لگنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔

دسمبر 2019 میں یوکرین کے شہر اودیسا کے اعلیٰ تعلیمی ادارے میں آگ لگنے سے 16 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے تھے۔

بعد ازاں ادارے کے ڈائریکٹر کو غفلت برتنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اسی سال اگست میں اودیسا کی ایک ہوٹل میں آتشزدگی سے 9 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

کورونا سے نمٹنے میں ناکامی پر منگولیا کے وزیر اعظم مستعفیٰ

بچوں سے بالغ افراد میں کورونا وائرس کی منتقلی کا امکان زیادہ ہوتا ہے، تحقیق

خیبر پختونخوا: بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سزائے موت دینے کا ترمیمی بل تیار