اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل 2021ء کے لیے کیسی تیاری کی ہے؟
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اب تک کی کامیاب ترین ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نئے ہیڈ کوچ کی کمان میں ایک بار پھر سے میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈرافٹ سے قبل ہی مصباح الحق سے اپنے راستے جدا کرلیے اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے جوہان بوتھا کو نیا ہیڈ کوچ نامزد کردیا گیا ہے۔
ابتدائی 4 سیزنز میں ڈین جونز اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ رہے جبکہ پانچویں سیزن میں مصباح الحق اس عہدے پر فائز تھے۔
ڈین جونز، وسیم اکرم اور مصباح الحق کے کمبینیشن کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ پاکستان سپر لیگ کا پہلا اور تیسرا ٹائٹل جیت چکی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ وہ واحد ٹیم ہے جو 2 بار ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود یونائیٹڈ کی جیت کا تناسب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی سے کم ہے جس سے صاف ظاہر ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اہم مقابلے جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔
2016ء
2016ء میں پاکستان سپر لیگ کا آغاز ہوا تو اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز کچھ اچھا نہیں تھا۔ ابتدائی 2 میچوں میں شکست اور پھر پہلے 6 میں سے 4 میچوں میں شکست کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوزیشن کافی خراب دکھائی دے رہی تھی۔ لیکن پھر یہیں سے یہ ٹیم فتوحات کے سفر پر گامزن ہوئی اور اگلے دونوں گروپ میچ جیتنے کے بعد ٹیم کی پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن ہوگئی۔
پہلے ناک آؤٹ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے محمد سمیع کی بہترین باؤلنگ کی بدولت کراچی کنگز اور دوسرے میں شرجیل خان کی سنچری کی مدد سے پشاور زلمی کو شکست دیتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔
فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ اس وقت تک ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فتوحات میں ایک اہم کردار پہلے باؤلنگ کرنے کا بھی تھا اور جب فائنل میں کوئٹہ کو پہلے بیٹنگ کرنا پڑی تو ایک اچھا اسکور بنانے کے باوجود وہ اس کا دفاع نہ کرپائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی اس فتح میں آندرے رسل، ڈیون اسمتھ اور بریڈ ہیڈن کا اہم کردار رہا۔ اننگ کے درمیانی اوورز میں آندرے رسل کی بہترین باؤلنگ اس ٹورنامنٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے بہت کارآمد رہی۔
2017ء
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن میں کھیلے گئے 8 میچوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 4 میں کامیابی حاصل کرکے پلے آف میں جگہ بنالی۔ یہاں اس کا مقابلہ کراچی کنگز کے ساتھ تھا۔ مقابلہ جیتنے کی صورت میں دوسرے ناک آؤٹ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ ایک بار پھر پشاور زلمی سے ہوسکتا تھا جو پچھلے سیزن کی طرح پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست کا شکار ہوچکی تھی۔
اسلام آباد کے باؤلرز نے زبردست باؤلنگ کرتے ہوئے کراچی کو جب 126 رنز پر ڈھیر کردیا تو اسلام آباد کی جیت یقینی نظر آنے لگی، لیکن کراچی کنگز کے باؤلرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو صرف 82 رنز تک محدود کرتے ہوئے ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا۔
2018ء
2018ء کا ٹورنامنٹ اسلام آباد یونائیٹڈ نے چمپیئن کی طرح کھیلا۔ گروپ مرحلے میں یونائیٹڈ کو اپنے پہلے اور آخری میچ میں ضرور شکست ہوئی لیکن اس کے باوجود یونائیٹڈ نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
ٹیم میں بریڈ ہیڈن کی جگہ آنے والے لیوک رونکی کا آغاز تو اچھا نہیں تھا لیکن ایک بار رونکی فارم میں آئے تو پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے رونکی پہلے 3 میچوں میں ناکام رہنے کے باوجود ٹاپ اسکورر بنے اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
لیوک رونکی کے بنائے گئے رنز تو اہم تھے ہی لیکن ان کے بنانے کا انداز بھی اتنا ہی اہم تھا۔ لیوک رونکی باؤلرز کی کچھ ایسی پٹائی کرتے تھے کہ باؤلرز اپنی لائن اور لینتھ ہی بھول جاتے تھے۔ جہاں اس ٹورنامنٹ میں رونکی ٹاپ اسکورر رہے وہیں اسلام آباد یونائیٹڈ ہی کے فہیم اشرف نے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرتے ہوئے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔