سائنس و ٹیکنالوجی

گلیکسی ایس 21 اور ایس 21 پلس سام سنگ کے سستے ترین فلیگ شپ فون

عالمی سطح پر فونز کی طلب میں کمی کے بعد سام سنگ نے اس بار فلیگ شپ فونز کے لیے اپنی حکمت عملی کو تبدیل کیا ہے۔

سام سنگ نے 2021 کے اولین فلیگ شپ فونز گلیکسی ایس 21 سیریز کی شکل میں متعارف کرادیئے ہیں۔

2020 میں کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں عالمی سطح پر فونز کی طلب میں کمی کے بعد سام سنگ نے اس بار اپنی حکمت عملی کو تبدیل کیا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ گلیکسی ایس 21 سیریز گزشتہ سال کے ایس 20 سیریز کے فونز کے مقابلے میں سستی ہے۔

مزید پڑھیں : سام سنگ کا پہلا 5 بیک کیمروں والا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 21 الٹرا

14 جنوری کو کمپنی کے ایونٹ میں گلیکسی ایس 21، ایس 21 پلس اور ایس 21 الٹرا پیش کیے گئے۔

یہ سام سنگ کے اولین فونز ہیں جن میں پاور اڈاپٹر باکس میں موجود نہیں، بلکہ یو ایس بی سی کیبل دی گئی ہے، جس کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو اپنا چارجر استعمال کرنا ہوگا۔

تاہم کمپنی نے 25 واٹ کے پاور اڈاپٹر کی قیمت ضرور 35 ڈالرز سے کم کرکے 20 ڈالرز کردی ہے۔

سام سنگ گلیکسی ایس 21 میں 6.2 انچ جبکہ ایس 21 پلس میں 6.7 انچ کا لگ بھگ بیزل لیس فل ایچ ڈی پلس ڈسپلے دیا گیا ہے جو 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ ہے۔

تاہم اس بار ڈسپلے میں 1080p ریزولوشن دیا گیا ہے جبکہ ایس 20 سیریز میں 1440p پلس ریزولوشن موجود تھا۔

دونوں فونز کے ڈسپلے میں ایک الٹرا سونک فنگرپرنٹ سنسر موجود ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 70 فیصد بڑا ہے۔

دونوں فون کے اندر کوالکوم اسنیپ ڈراگون 888 یا سام سنگ کا اپنا ایکسینوس 2100 پراسیسر (مختلف ممالک میں پراسیسر مختلف ہوگا) موجود ہے جس میں 5 جی موڈیم بھی نصب ہے۔

اس سال 4 جی ورژنز متعارف نہیں کرائے گئے، جبکہ نئے پراسیسرز وائی فائی 6 ای اور بلیوٹوتھ 5.2 سپورٹ دی گئی ہے، جبکہ یہ دونوں فونز سام سنگ کے نئے گلیکسی اسمارٹ ٹیگ پر کام کرسکتے ہیں۔

گلیکسی ایس 21 میں 4000 ایم اے ایچ جبکہ ایس 21 پلس میں 4800 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے، جو فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے، جبکہ وائرلیس چارجنگ اور ریورس چارجنگ سپورٹ بھی موجود ہے۔

ایس 21 کے مقابلے میں ایس 21 پلس کو الٹرا وائیڈ بینڈ سپورٹ کی شکل میں ایک اہم سبقت حاصل ہے، جو تیز ترین لوکل فون ٹو فون ڈیٹا ٹرانسفر اور ڈائریکشن سنس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس سے ہٹ کر دونوں فونز میں ڈسپلے سائز اور بیٹری کی گنجائش کے علاوہ کوئی فرق نہیں۔

دونوں میں 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے، جبکہ اس بار کمپنی نے مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ بھی نہیں دی گئی ہے، تو جتنی اسٹوریج موجود ہے، اس میں اضافہ نہیں ہوسکتا۔

دونوں فونز کا کیمرا سیٹ اپ بھی یکساں ہے، یعنی بیک پر 3 کیمرے دیئے گئے ہیں۔

اس سیٹ اپ میں مین کیمرا 12 میگا پکسل سنسر کے ساتھ ہے جو لارج 1.8 یو ایم پکسلز اور ڈوئل پکسل اے ایف کے ساتھ ہے، بالکل ایس 20 کی طرح۔

اس کے علاوہ ایف 1.8 آپرچر او آئی ایس کے ساتھ ہے۔

دوسرا 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا 120 فیلڈ آف ویو کے ساتھ ہے جس میں حیران کن طور پر آٹوفوکس موجود نہیں۔

تیسرا 64 میگا پکسل کیمرا درحقیقت 2 کام کرے گا، یعنی فوٹو موڈ میں 3 ایکس لوس لیس زوم (آٹو فوکس اور او آئی ایس) اور 30 ایکس اسپیس زوم فراہم کرے گا، جبکہ ویڈیو موڈ میں 8 کے ریزولوشن ویڈیو 24 فریم فی سیکنڈ ریکارڈ کرے گا۔

دونوں فونز کے فرنٹ پر 10 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ اس بار سام سنگ کے فلیگ شپ فونز پہلے کے مقابلے میں سستے ہیں۔

گلیکسی ایس 21 کی قیمت 800 ڈالرز (ایک لاکھ 28 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ گلیکسی ایس 21 پلس کی ایک ہزار ڈالرز (ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔

یعنی یہ گزشتہ سال کے ایس 20 اور ایس 20 پلس کے مقابلے میں 200 ڈالرز (32 ہزار پاکستانی روپے) سستے ہیں، جن کی قیمتیں ایک ہزار ڈالرز اور 12 سو ڈالرز سے شروع ہوئی تھیں۔

گلیکسی ایس 21 اور ایس 21 پلس پری آرڈر میں 15 جنوری سے دستیاب ہوں گے اور 29 جنوری کو صارفین مل سکیں گے۔

ایچ ٹی سی کا مڈرینج 5 جی اسمارٹ فون پیش

سام سنگ کا سب سے سستا 5 جی فون گلیکسی اے 32

الکاٹیل کے 3 انٹری لیول اسمارٹ فونز متعارف