ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں کورونا وائرس کی تیسری نئی قسم دریافت
دسمبر 2020 کے وسط میں برطانوی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی نئی قسم دریافت کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد جنوبی افریقہ میں بھی ایک نئی قسم دریافت ہوئی۔
اب ایک ماہ سے بھی کم وقت میں کورونا وائرس کی تیسری نئی قسم جاپان میں دریافت ہوئی ہے۔
جاپانی وزارت صحت کے مطابق کورونا وائرس کی یہ نئی قسم ان افراد میں دریافت ہوئی، جو برازیل سے آئے تھے، جبکہ یہ برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں سامنے آنے والی اقسام سے مختلف ہے۔
وزارت صحت کے بیان کے مطابق جاپان میں کورونا کی نئی قسم 40 سال سے زائد عمر کے ایک مرد، 30 سال سے زائد عمر کی ایک خاتون اور 2 نوجوانوں (ایک لڑکا اور ایک لڑکی) میں ایئرپورٹ پر کیے جانے والے ٹیسٹوں میں دریافت ہوئی۔
جاپان کی جانب سے اب دیگر ممالک، عالمی ادارہ صحت اور طبی ماہرین کے ساتھ مل کر وائرس کی اس نئی قسم کا تجزیہ کیا جارہا ہے اور ابھی واضح نہیں کہ دستیاب ویکسینز اس کے خلاف موثر ہوں گی یا نہیں۔