یہ پہلا کنٹرول ٹرائل ہے جس میں ثابت کیا گیا کہ کووڈ 19 کے نتیجے میں ہسپتال میں موجود مریضوں کے لیے بلڈ پریشر کی ادویات کے استعمال سے کوئی خطرہ نہیں بڑھتا۔
پنسلوانیا یونیورسٹی کے پیریلمان اسکول آف میڈیسین کے زیرتحت ہونے والی تحقیق ریپلیس کووڈ ٹرائل کا حصہ ہے، جس کا مقصد ہائی بلڈ پریشر کے استعمال سے مریضوں پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کرنا ہے۔
کووڈ 19 کی وبا کے آغاز کے بعد یہ خدشہ سامنے آیا تھا کہ ہسپتالوں میں زیرعلاج کووڈ 19 کے مریضوں کو ہائی بلڈ پریشر کی ادویات کا استعمال نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
کچھ تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا تھا کہ یہ ادویات خلیاتی ریسیپٹرز میں کورونا وائرس کے داخلے کے عمل کو تیز کرسکتی ہیں، تاہم ان ادویات کو وائرس سے تحفظ کے لیے بھی کسی حد تک موثر قرار دیا گیا تھا۔
اس نئی تحقیق میں شامل محققین کا کہنا تھا کہ مشاہداتی تحقیقی رپورٹس کو بہت تیزی سے مکمل کیا جاتا ہے، مگر کنٹرول ٹرائلز حتمی جواب کے لیے اہم ہوتے ہیں، جیسے بلڈ پریشر کی عام ادویات اور کووڈ 19 کے درمیان تعلق۔
انہوں نے کہا کہ ٹرائل کے نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ ان ادوایت کا استعمال ہسپتال میں مریضوں کو کرایا جاسکتا ہے اور کوئی نقصان نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ACEIs اور ARBs ہائی بلڈ پریشر کے لیے استعمال کرائی جانے والی عام ادویات ہیں اور ہم نے دریافت کیا کہ ان کے استعمال سے ہسپتال میں زیرعلاج مریضوں کے لیے خطرہ نہیں بڑھتا۔
اس تحقیق میں متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والے 152 افراد کی خدمات 31 مارچ سے 20 اگست کے دوران حاصل کی گئیں، جو ان میں سے ایک دوا کا استعمال کررہے ہیں۔
ان افراد کو ان کا استعمال جاری رکھنے یا روکنے کا کہا گیا تاکہ جانچا جاسکے کہ عارضی طور پر اسے نہ کھانے سے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔