پاکستان

ایل او سی: بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 بزرگ شہری زخمی

بھارتی فوج نے بروہ اور خنجر سیکڑز میں شہری آبادی پر مارٹر گولوں اور خودکار ہتھیاروں سے بلااشتعال فائرنگ کی، آئی ایس پی آر
|

بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اس کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 بزرگ شہری زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوجی اہلکاروں نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی کے بروہ اور خنجر سیکڑز میں شہری آبادی پر مارٹر گولوں اور خودکار ہتھیاروں سے بلااشتعال فائرنگ کی۔

بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 2 بزرگ افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ بھارتی اشتعال انگیزی سے رواں سال ہونے والے پہلے دو جانی نقصانات ہیں۔

بھارت یکم جنوری سے اب تک 38 بار سیز فائر کی خلاف ورزیاں کرچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: بھارتی شر انگیزی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا سپاہی شہید

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات میں تواتر سے اضافہ دیکھا گیا ہے اور آئے روز آزاد کشمیر میں ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے۔

23 دسمبر کو ایل او سی کے ملحقہ ستوال سیکٹر میں بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہوگیا تھا۔

قبل ازیں 22 دسمبر کو ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں خاتون شہید اور بچے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے خاتون شہید، 3 افراد زخمی

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے تتہ پانی اور جندروٹ سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی اور شہری آبادی کو مارٹر گولوں اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا تھا۔

خیال رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

واٹس ایپ کی نئی پالیسی، وزارت ٹیکنالوجی کا پرائیویسی کیلئے قانون لانے پر غور

نوکیا کا نیا مڈرینج اسمارٹ فون جلد متعارف کرائے جانے کا امکان

ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن ہیں جو خراج تحسین کے حقدار ہیں، وزیر اعظم