پاکستان

ترسیلی نظام میں خرابی: کراچی، لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں بجلی کا بریک ڈاؤن

بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوینسی اچانک 50 سے صفر پر آنے کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہے، وفاقی وزیر بجلی

کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہر بجلی کے ترسیلی نظام میں خرابی کے باعث تاریکی میں ڈوب گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، بفرزون، لیاقت آباد، تین ہٹی، ایف بی ایریا، سرجانی ٹاؤن اختر کالونی، لیاری سمیت کئی علاقوں میں رات گئے بجلی منقطع ہوگئی اور اندھیرا چھا گیا۔

اسی طرح لاہور میں بجلی کی متعدد مین ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کر گئیں اور بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔

بریک ڈاؤن کے باعث دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں فیصل آباد، گوجرانوالہ، رحیم یارخان، بہاولپور، کوئٹہ اور پشاور میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی کے طویل بریک ڈاؤن پر 'کے الیکٹرک' کو 20 لاکھ روپے جرمانہ

وزیر بجلی و قدرتی وسائل عمر ایوب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں بتایا کہ 'بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوینسی اچانک 50 سے صفر پر آنے کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہے، فریکونسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے، اس وقت تربیلا کو چلانے کی کوشش ہو رہی ہے جس سے ترتیب وار بجلی کا نظام بحال کیا جائے گا'۔

انہوں نے کہا کہ 'تمام ٹیمیں اس وقت اپنے اپنے اسٹیشن پر پہنچ چکی ہیں، بطور وفاقی وزیر بجلی میں خود اس سارے بحالی کے کام کی نگرانی کر رہا ہوں، جبکہ عوام کو وقتاً فوقتاً بحالی سے متعلق آگاہ رکھا جائے گا'۔

دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گِل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'وزیر بجلی عمر ایوب اور ان کی پوری ٹیم بجلی ٹرپ ہونے کے ایشو پر کام کر رہی ہے، میری ابھی ابھی ان سے بات ہوئی ہے اور جلد آپ کو آپ ڈیٹ کرتے ہیں'۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی 'برائے مہربانی اطمینان رکھیں، اس بڑی فنی خرابی کی کوئی وجہ ہے جسے تلاش کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن، شہر تاریکی میں ڈوب گیا

ملکی سطح پر ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے ٹوئٹر پر blackout# اور powerbreakdown# جیسے ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔

ساتھ ہی اتنے بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش سے متعلق مختلف قیاس آرائیوں اور چہ مگوئیوں نے بھی جنم لے لیا۔