پاکستان

کراچی: سائٹ کے علاقے میں کیمیکل فیکٹری میں آگ لگ گئی، متعدد زخمی

رینجرز فائر بریگیڈ کے ساتھ مل کر آگ بھجانے میں مصروف، واٹر بورڈ کے ہائیڈرنٹس اور فائربریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کر لی گئیں۔

کراچی میں سائٹ ایریا کے علاقے ہارون آباد میں کیمیکل فیکٹری کے گودام میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

سائٹ ایریا کے علاقے ہارون آباد میں فیکٹری میں لگنے والی آگ میں دیکھتے ہی دیکھتے شعلے آسمانوں تک بلند ہونے لگے اور دھویں کے بادل دور سے ہی دیکھے جا سکتے تھے جس کے بعد سندھ رینجرز کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: چلتی گاڑی میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

پولیس کا کہنا ہے کہ سائٹ کے علاقے ہارون آباد میں بابر کانٹا کے قریب کیمیکل فیکٹری کے گودام میں آگ لگی جس کے نتیجے میں تین افراد عثمان، الطاف اور محمد علی زخمی ہو گئے۔

پولیس اور رینجرز کے جوان فائر بریگیڈ کے ساتھ مل کر آگ بھجانے میں مصروف ہیں جبکہ واٹر بورڈ کے ہائیڈرنٹس اور فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کر لی ہیں۔

ایدھی ذرائع کے مطابق آگ سائٹ ایریا میں بابر کانٹا کے قریب فیکٹری میں آگ لگی جس کے بعد ایدھی ایمبولینس اور امدادی رضاکار جائے وقوع پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے سے کم از کم 8 افراد زخمی ہو گئے جنہیں سول برنس وارڈ اور عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ پر طیارے کو آگ جان بوجھ کر لگائی گئی، ابتدائی تحقیقات

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سائٹ ایریا میں کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا ہے اور انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کو فوری آگ پر قابو پانے کی ہدایت کردی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ 2 مزدوروں کو ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ 6 فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انسانی اسمگلنگ جیسے موضوع پر بنا ڈراما 'دل نا امید تو نہیں'

'وزیراعظم نے مشیروں کے مشورے پر کوئٹہ نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا'

ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے