پاکستان

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں 2 ہزار 7، اموات میں 40 کا اضافہ

گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار 617 رہی، اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار 474 تک پہنچ گئی۔

دنیا بھر کا نقشہ تبدیل کردینے والے مہلک کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے اور دوسری لہر کے دوران پاکستان میں بھی نئے کیسز اور اموات کے آنے کا سلسلہ برقرار ہے۔

سرکاری پورٹل کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 7 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 40 افراد لقمہ اجل بنے تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار 617 رہی۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 99 ہزار 517 ہوگئی جس میں سے 91 فیصد یعنی 4 لاکھ 55 ہزار 445 مریض صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 598 تک پہنچ گئی، اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار 474 رہ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔

آج 9 جنوری کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 5 کیسز کا اضافہ ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 24 ہزار 4 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 9 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 679 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 600 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 111 ہوگئی۔

تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 21 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 242 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 215 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 60 ہزار 751 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 8 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 718 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 351 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک فرد کا اضافہ ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 187 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 128 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 38 ہزار 970 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور یہاں اموات 436 پر برقرار ہیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 21 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 451 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 235 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے صرف ایک نیا کیس رپورٹ ہوا، جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 879 ہوگئی۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 617 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 55 ہزار 445 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 499517

صحتیاب: 455445

اموات: 10598

فعال کیسز: 33474

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 24 ہزار 4 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 111 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 60 ہزار 751 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 351 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 38 ہزار 970، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 451 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 879 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3679

پنجاب: 4242

خیبرپختونخوا: 1718

بلوچستان: 187

اسلام آباد: 436

آزاد کشمیر: 235

گلگت بلتستان: 101

فردوس شمیم نقوی نے سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

تاجر سیٹھ عابد قلیل علالت کے بعد انتقال کرگئے

'وزیراعظم نے مشیروں کے مشورے پر کوئٹہ نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا'