پاکستان

تاجر سیٹھ عابد قلیل علالت کے بعد انتقال کرگئے

ان کی عمر 85 برس تھی اور انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے، بھتیجے یاسر محمود کا بیان

لاہور: متنازع تاجر سیٹھ عابد قلیل علالت کے بعد 85 برس کی عمر میں کراچی کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان کے بتھیجے یاسر محمود نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’سیٹھ عابد نہیں رہے، انہیں علاج کے لیے اہل خانہ کی جانب سے کراچی میں ایک ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ان کی نماز جنازہ کراچی میں ہوگی جبکہ قوی امکان ہے کہ آج (ہفتہ) کو بعد نماز عصر ان کی تدفین کردی جائے گی‘۔

لاہور اور کراچی میں مقیم سیٹھ عابد سے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ ملک کی 30 امیر ترین شخصیات میں شامل تھے، اس کے علاوہ وہ متعدد کاروبار کامیابی سے چلا رہے تھے جبکہ انہیں نے کئی فلاحی منصوبے بھی شروع کیے تھے۔

مزید پڑھیں: معروف تاجر سراج قاسم تیلی انتقال کرگئے

تاہم یہ اطلاعات تھیں کہ وہ اپنے بیٹے حافظ ایاز احمد کی موت کے بعد سے حالت غم میں تھے۔

واضح رہے کہ ان کے بیٹے کو سال 2006 میں لاہور میں شوکت خانم ہسپتال کے قریب ایک ہاؤسنگ اسکیم میں سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا۔

قصور سے تعلق رکھنے والے سیٹھ عابد نے سوگواران میں 3 بیٹے اور 3 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

یاسر محمود کا کہنا تھا کہ ’میری آنٹی (سیٹھ عابد کی اہلیہ) کا کچھ سال قبل انتقال ہوگیا تھا‘۔


یہ خبر 09 جنوری 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

پاکستان کی امریکا کو برآمدات میں 10.9 فیصد اضافہ

'وزیراعظم نے مشیروں کے مشورے پر کوئٹہ نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا'

سینیٹ اجلاس:حکومت، اپوزیشن کے درمیان سخت جملوں تبادلہ