پاکستان

کے الیکٹرک کو بن قاسم پاور اسٹیشن تھری کیلئے گیس پائپ لائن بچھانے کی منظوری

یہ گیس پائپ لائن پاور پلانٹس کو آر ایل این جی کی فراہمی کے لیے استعمال کی جائے گی، کے الیکٹرک

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کے الیکٹرک کو بن قاسم پاور اسٹیشن تھری کے لیے گیس پائپ لائن بچھانے اور استعمال کے لائسنس کی منظوری دے دی۔

کے الیکٹرک سے جاری بیان کے مطابق 2.4 کلو میٹر پر محیط 14 انچ قُطر کی یہ گیس پائپ لائن 900 میگاواٹ کے 'بن قاسم پاور اسٹیشن تھری' پاور پلانٹ اور بن قاسم پاور کمپلیکس میں واقع پاور پلانٹس کو ری گیسیفائیڈ لکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی فراہمی کے لیے استعمال کی جائے گی۔

اوگرا کی طرف سے لائسنس کی منظوری تیل اور گیس کے شعبے میں کے الیکٹرک کو حاصل ہونے والا پہلا لائسنس ہے، جبکہ اس اقدام سے طویل عرصے تک کراچی میں بجلی کی طلب اور رسد کے درمیان فرق دور کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کے الیکٹرک کو اضافی بجلی، گیس کی فراہمی کے قانونی تقاضے تعطل کا شکار

اس پائپ لائن منصوبے کے لیے ای پی سی کنٹریکٹر اور اونر انجینئر پہلے ہی آن بورڈ ہیں جس کا مفصل ڈیزائن مکمل ہوچکا ہے اور پائپ لائن مٹیریل کو پہلے ہی حاصل کیا جاچکا ہے۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ 900 میگاواٹ کے آر ایل این جی پاور پلانٹ کے اضافے اور پرانے، غیر موثر بجلی گھروں کی مجوزہ ڈی کمیشننگ کے ذریعے پاور یوٹیلیٹی کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

بیان میں کہا گیا کہ کراچی کے شہریوں کے مفاد کو یقینی بنانے اور ان کی مشکلات میں کمی کے لیے آئندہ موسم گرما سے قبل بی کیو پی ایس تھری پاور پلانٹ کی تعمیر کے کام کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جارہا ہے۔

فیس بک نے عہدہ صدارت کے اختتام تک ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بلاک کردیا

انوشکا شرما کی پاپارازی کو نجی زندگی میں دخل اندازی نہ کرنے کی تنبیہ

سرگودھا: فرقہ وارانہ وارداتوں کا منصوبہ بنانے والے 7 'دہشت گرد' گرفتار