پاکستان

پیپلزپارٹی کا حکومت کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے عدالتوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ

پیپلزپارٹی کی لائرز کمیٹی، حکومت کی کرپشن کے خلاف ریفرنس دائر کرے گی، اس سلسلے میں 6 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے، نیئر بخاری
|

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے عدالتوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اس سلسلے میں پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

ڈان نیوز سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کی لائرز کمیٹی حکومت کی کرپشن کے خلاف ریفرنس دائر کرے گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلوانے میں 'ناکامی' پر پیپلز پارٹی نے حکومت سے وضاحت مانگ لی

نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ کمیٹی حکومت کی کرپشن اور بدعنوانیوں کی نشاندہی کرے گی، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پی پی پی حکومت کی کرپشن اور بدعنوانیوں سے پردہ اٹھا کر رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کے خلاف ریفرنس دائر کرنے سے متعلق 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں سردار لطیف کھوسہ، حیدر زمان قریشی، امجد اقبال قریشی، سید مجتبی حیدر شیرازی، شکیل عباسی اور سید جرار بخاری شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف، وفاقی میں حکمران جماعت ہے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی اسی کی حکومت ہے، اس کے علاوہ بلوچستان میں اتحادی حکومت موجود ہے۔

تاہم ملک کے آبادی کے حساب سے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی گزشتہ 12 سال سے زائد سے حکمرانی کر رہی ہے۔

ان دونوں جماعتوں کے درمیان مختلف معاملات پر سخت اختلافات ہیں اور دونوں جماعتوں کے اراکین ایک دوسرے کی قیادت پر سخت تنقید کرتے نظر آتے ہیں۔

یہی نہیں بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی اس اپوزیشن اتحاد کا اہم حصہ بھی ہے جو ستمبر میں ایک آل پارٹیز کانفرنس کے بعد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی صورت میں سامنے آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جنوری کے بعد وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت بن رہی ہے، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی اس اتحاد میں شامل 11 جماعتوں میں سے ایک ہے جبکہ سندھ کی حکمران ہونے کے باعث حکومت مخالف مہم کے سلسلے میں اس کی اہمیت بھی کافی زیادہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف شروع ہونے والی پی ڈی ایم کی اس تحریک کا مطالبہ ہے کہ عمران خان مستعفی ہوں اور ان کی حکومت گھر جائے۔

اس سلسلے میں اس اتحاد نے حکومت کو 31 جنوری تک کی ڈیڈلائن دے رکھی ہے، جس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں اپوزیشن جماعتوں نے لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

امریکا میں 'جمہوریت کی توہین' پر عالمی رہنماؤں کی جانب سے مذمت

پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ جدید راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ

کوئٹہ: مچھ واقعے پر ہزارہ برادری کا احتجاج جاری، وزیراعظم کے ’اچانک دورے‘ کا امکان