لائف اسٹائل

اداکار علی رحمٰن میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

انتہائی محتاط رہنے اور تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے باوجود بدقسمتی سے میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے،اداکار

عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران اب پاکستان میں یومیہ کیسز اور اموات کی تعداد میں کچھ حد تک ٹھہراؤ تو آیا ہے لیکن اب بھی عوام کے وبا سے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

اور اب پاکستانی اداکار علی رحمٰن خان میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور وہ اس وقت آئسولیشن میں ہیں۔

اداکار علی رحمٰن خان نے اپنے مداحوں کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی خبر فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں دی۔

مزید پڑھیں: ماہرہ خان بھی کورونا وائرس سے متاثر

انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں علی رحمٰن خان نے لکھا کہ انتہائی محتاط رہنے اور تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے باوجود بدقسمتی سے میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 'میں نے خود سے رابطے میں رہنے والے تمام افراد کو آگاہ کردیا ہے اور الحمدللہ وہ سب محفوظ ہیں'۔

اداکار نے مزید کہا کہ 'برائے مہربانی مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، ماسک پہنیں، خود کے لیے اور اپنے اردگرد موجود لوگوں کے لیے ایس او پیز (اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز) پر عمل کریں'۔

علی رحمٰن خان نے کہا کہ میں اُمید اور دعا کرتا ہوں کہ آپ اور آپ کے اہلخانہ محفوظ رہیں۔

خیال رہے کہ سال 2020 میں پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔

دسمبر میں اداکارہ ماہرہ خان اور لیجنڈ ادیب انور مقصود میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

ان سے قبل اداکار بہروز سبزواری میں نومبر کے آخر میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور طبیعت خراب ہونے پر انہیں کراچی کے ضیاء الدین ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور انہیں 9 دسمبر کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لیجنڈ ادیب انور مقصود بھی کورونا وائرس سے متاثر

بہروز سبزواری کے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے سے ایک دن قبل ہی اداکارہ نیلم منیر نے بھی تصدیق کی تھی کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

نیلم منیر سے قبل میزبان و رکن اسمبلی عامر لیاقت اور ان کی اہلیہ میزبان و اداکارہ طوبیٰ عامر میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ 6 جنوری کی شام تک پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 92 ہزار 594 ہوگئی تھی جس میں سے 91 فیصد یعنی 4 لاکھ 48 ہزار 393 مریض صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 461 تک پہنچ گئی تھی۔

عمران عباس کا جلد ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنانے کا عندیہ

کورونا وائرس کے باعث گریمی ایوارڈز 14 مارچ تک ملتوی

احمد شاہ کے انداز پر بنی یاسر نواز کی بھائیوں کے ساتھ ویڈیو وائرل