پاکستان شاہینز نے نیوزی لینڈ اے کو 101 رنز سے شکست دے دی
پاکستان شاہینز نے نیوزی لینڈ اے کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 101 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
لنکن میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ اے ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بلے بازوں نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
مزید پڑھیں: دوسرا ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں297 رنز پر آؤٹ، جیمیسن کی 5 وکٹیں
عبداللہ شفیق اور ذیشان ملک نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 84 رنز بنائے اور دونوں بلے بازوں نے بالترتیب 35 اور 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
نوجوان بلے باز حیدر علی نے جارحانہ اننگز کھیلی اور صرف 28 گیندوں پر 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے جبکہ روحیل نذیر 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
حسین طلعت اور عماد بٹ نے اختتامی اوورز میں انتہائی جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کے اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا، حسین نے آؤٹ ہوئے بغیر 44 اور عماد 25 رنز بنائے۔
پاکستان شاہینز نے مقررہ اوورز میں ذیشان ملک اور حیدر علی کی نصف سنچریوں اور دیگر بلے بازوں کی جارحانہ بیٹنگ کی مدد سے 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 231 رنز بنائے۔
میزبان ٹیم کے سیمن کین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
عماد بٹ نے بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جیت راول کی وکٹ 33 رنز پر حاصل کی، جس کے بعد عثمان قادر کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے نیوزی لینڈ کے بلے باز ٹھہر نہ سکے۔
نیوزی لینڈ اے کے اوپنر رھیس میریو نے 48 رنز بنا کر مزاحمت کی اور جیکب بھلا نے 19 رنز بنائے جس کے بعد جے کارٹر 11 رنز بنا کر عثمان قادر کی وکٹ بن گئے۔
ابتدائی بلے بازوں کے بعد میزبان ٹیم کے دیگر کھلاڑی دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کر پائے۔
عثمان قادر کی 3 وکٹوں کے باعث نیوزی لینڈ اے ٹیم 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر صرف 130 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم دوسرے ٹیسٹ سے بھی باہر، رضوان ہی قیادت کریں گے
نیوزی لینڈ اے ٹیم 130 رنز پر آؤٹ ہوکر میچ 101 رنز کے بھاری مارجن سے ہار گئی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخر میچ 5 جنوری کو اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ قومی کرکٹ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیوزی لینڈ کی قومی ٹیم نے شکست دی تھی، جس کے بعد پہلا ٹیسٹ بھی جیت لیا تھا۔
نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ جاری ہے جہاں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 297 رنز بنا کر آؤٹ ہوچکی ہے۔