لائف اسٹائل

عثمان مختار کا سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک کرنے کی کوشش پر ایف آئی اے سے شکایت کا فیصلہ

کوئی میرا انسٹاگرام اور واٹس ایپ ہیک کرنے کی کوشش کررہا ہے، میرے دوستوں اور اہلخانہ کو نامناسب ای میلز بھیج رہا ہے، اداکار

اداکار و ہدایت کار عثمان مختار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

فیس بک کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری اسٹوری میں عثمان مختار نے کہا کہ کوئی میرا انسٹاگرام اور واٹس ایپ ہیک کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی یہ کوشش کررہا ہے وہ گمنام ای میل کے ذریعے میرے دوستوں اور اہلخانہ کو نامناسب ای میلز بھیج رہا ہے۔

مزید پڑھیں: اداکار عثمان مختار 11 دن میں کورونا سے صحت یاب

عثمان مختار نے کہا کہ میں اس حوالے سے ایف آئی اے میں رپورٹ کرنے جارہا ہوں، ہوشیار رہیں۔

خیال رہے کہ نومبر میں معروف سماجی کارکن، سیاستدان اور قانون دان جبران ناصر کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا اور وہ اس تک رسائی حاصل نہیں کرپارہے تھے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ 'آج میرا واٹس ایپ ہیک ہوگیا اور میں اس تک رسائی حاصل نہیں کر پارہا'۔

یہ بھی پڑھیں: جبران ناصر کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہوگیا

ان سے قبل بھی متعدد شوبز، کھیل اور سیاست سے وابستہ شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہوچکے ہیں۔

گزشتہ برس اکتوبر میں اداکار نعمان اعجاز کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کرکے معطل کردیا گیا تھا اور اس سے قبل اداکارہ میرا نے بھی کہا تھا کہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے اور وہ اس تک رسائی حاصل نہیں کرپارہیں۔

نادیہ خان نے شادی کی تصدیق کردی

تنہا تصویر شیئر کرنے کے بعد صنم جنگ کی طلاق کی افواہیں

پہلی بار لکس ایوارڈز کی تقریب آن لائن منعقد