لائف اسٹائل

پہلی بار لکس ایوارڈز کی تقریب آن لائن منعقد

جہاز حادثے میں جاں بحق ہونے والی ماڈل زارا عابد کو بعد از مرگ بہترین ماڈل کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

پاکستان کے معروف لکس اسٹائل ایوارڈ کے 19 ایوارڈز کے فاتحین کو آن لائن تقریب کے دوران ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

اس سال پہلی بار لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب کورونا کی وبا کے باعث آن لائن منعقد کی گئی تھی اور ایوارڈ تقریب کو سال 2020 کے آخری دن 31 دسمبر کو یوٹیوب پر براہ راست دکھایا گیا۔

اس سال جہاں لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب آن لائن منعقد کی گئی، وہیں اس سال ماضی کے مقابلے میں فاتحین کا فیصلہ بھی مداحوں کی آن لائن ووٹنگ سے کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لکس اسٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان

عام طور پر لکس اسٹائل ایوارڈز کے زیادہ فاتحین کا اعلان آزادانہ جیوری کرتی ہے تاہم اس سال کورونا کی وبا کے باعث جہاں فاتحین کا اعلان آن لائن ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا۔

اس سال بہترین فلم کا ایوارڈ لال کبوتر کو دیا گیا جب کہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اداکارہ ماہرہ خان لے اڑیں اور بہترین اداکار کا ایوارڈ احمد علی اکبر کو دیا گیا۔

آن لائن ایوارڈ تقریب میں ورچوئل ریڈ کارپٹ بھی دکھایا گیا، جس میں اداکارہ منشا پاشا اور مہوش حیات سمیت دیگر اداکارائیں جلوے بکھیرتی دکھائی دیں۔

مزید پڑھیں: لکس ایوارڈز 2020: ماہرہ خان اور احمد علی اکبر بہترین فلم اداکار قرار

آن لائن تقریب کی میزبانی اداکارہ مہوش حیات اور احمد علی بٹ نے دی تھی جب کہ فاتحین کو ان کے گھروں پر ایوارڈ پہنچائے گئے تھے، جنہیں ورچوئل تقریب میں دکھایا گیا۔

اس سال کے لکس اسٹائل ایوارڈز کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں جہاں ساری تقریب آن لائن دکھائی گئی، وہیں اس میں حدیقہ کیانی سمیت دیگر فنکاروں نے بھی آن لائن پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

لکس اسٹائل ایوارڈز میں بہترین خاتون ماڈل کا ایوارڈ سال 2020 میں مئی کے مہینے میں جہاز حادثے میں جاں بحق ہونے والی ماڈل زارا عابد کو دیا گیا۔

زارا عابد کا ایوارڈ ان کی والدہ نے وصول کیا جب کہ اس سال 10 سالہ گلوکارہ ہادیہ ہاشمی اور 9 سالہ شیث گل کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔


نوٹ: اس رپورٹ میں غلطی سے زارا عابد کی جگہ زارا نور عباس کو مرحوم لکھ دیا گیا تھا اس غلطی کی تصحیح کردی گئی ہے ادارہ غلطی پر معذرت خواہ ہے۔

تنہا تصویر شیئر کرنے کے بعد صنم جنگ کی طلاق کی افواہیں

ندا یاسر صرف شوہر کے ڈراموں میں کام کرنے کی خواہاں

ماڈل فروا علی کاظمی حمل ضائع ہوجانے پر غم زدہ