پاکستان

پیٹرول 2.31 روپے، ڈیزل 1.80 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا

'عوام کے ریلیف' کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات میں کم سے کم اضافہ کرنے کی منظوری دی، اعلامیہ
|

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے 95 پیسے فی لیٹر تک اضافے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق 'عوام کے ریلیف' کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات کے برعکس پیٹرولیم مصنوعات میں کم سے کم اضافہ کرنے کی منظوری دی۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 10.68 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8.37 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔

تاہم عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 2.31 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1.80 روپے فی لیٹر اضافہ منظور کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے اضافہ

اسی طرح اوگرا کی جانب سے مٹی کے تیل میں 10.92 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) میں 14.87 روپے اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔

اس کے برعکس مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.36 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت مین 3.95 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 106 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 110 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

مٹی کے تیل کی نئی قیمت 73 روپے 65 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 71 روپے 81 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

مزید پڑھیں: پیٹرول کی قیمت برقرار، ڈیزل 4 روپے فی لیٹر مہنگا

واضح رہے کہ 15 دسمبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل فی لیٹر 3، 3 روپے مہنگا ہوگیا تھا۔

قبل ازیں 30 نومبر کو وفاقی حکومت نے 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے اضافہ کردیا گیا تھا۔