پاکستان

سال 2021 کی عام تعطیلات کس دن آئیں گی؟

سال 2021 کا آغاز جمعے کے دن سے ہورہا ہے اور اس کا آخری دن یعنی 31 دسمبر بھی جمعہ کا دن ہی ہوگا۔

سال 2020 کا آج آخری دن ہے اور کل کا نیا سورج، نئی امنگوں اور اُمیدوں کے ساتھ سالِ نو 2021 کی نوید سنائے گا۔

یوں تو پوری دنیا وبا کے سائے میں سال 2021 کا آغاز کرنے جارہی ہے لیکن اُمید کی جارہی ہے کہ یہ سال 2020 سے بہتر ثابت ہوں۔

سال 2021 کا آغاز جمعے کے دن سے ہورہا ہے اور آنے والے سال کا آخری دن یعنی 31 دسمبر بھی جمعے کا دن ہی ہوگا۔

ہر سال عام دنوں اور چھٹیوں کے ساتھ کچھ عام تعطیلات بھی ہوتی ہیں، پاکستان میں عام تعطیلات کا آغاز 5 فروری کو یومِ کشمیر سے ہوتا ہے جو 25 دسمبر تک قائداعظم کے یوم پیدائش اور کرسمس تک جاری رہتا ہے۔

ذیل میں سال 2021 کی عام تعطیلات کا ذکر ہے کہ اس سال 2021 میں کون سی چھٹی کس دن آئے گی۔

یومِ یکجہتی کشمیر

سال 2021 میں پہلی عام تعطیل یومِ یکجہتی کشمیر یعنی 5 فروری کو ہوگی جو جمعے کے دن ہے۔

یہ دن منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔

یومِ پاکستان

آئندہ سال 2021 کی دوسری عام تعطیل یومِ پاکستان یعنی 23 مارچ کو ہوگی جو منگل کے روز ہوگا۔

خیال رہے کہ 23 مارچ 1940 کے دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی 'قراردادِ پاکستان' کی منظوری دی گئی تھی جس کی وجہ سے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی تھی۔

یہ دن اسی قراردار کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے اور اس روز اسلام آباد میں مرکزی تقریب جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

یومِ مزدور

سال 2021 میں مزدورں کے عالمی دن یعنی یکم مئی کی عام تعطیل ہفتے کے روز آئے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مزدوروں کی قربانیوں اور ان کے حقوق کو اجاگر کرنے کے لیے عالمی یوم مزدور منایا جاتا ہے۔

عیدالفطر

ہر سال رمضان المبارک کے بعد ملک بھر میں سرکاری سطح پر عیدالفطر کی 3 چھٹیوں کا اعلان کیا جاتا ہے۔

آئندہ سال 2021 میں یہ چھٹیاں 14، 15 اور 16 مئی یعنی بالترتیب جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز آنے کا امکان ہے۔

عیدالاضحیٰ

ہر سال عیدالاضحیٰ کی 3 عام تعطیل بھی آتی ہیں جس دن مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی بھی کرتے ہیں۔

سال 2021 میں 21، 22 اور 23 جولائی یعنی بدھ ، جمعرات اور جمعہ کے روز عیدالاضحیٰ کی عام تعطیل متوقع ہیں۔

یومِ آزادی

پاکستان کا یومِ آزادی ہر سال 14 اگست کو ملی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے اور سال 2021 میں قیام پاکستان کو 74 برس مکمل ہوجائیں گے۔

سال 2021 میں یوم آزادی یعنی 14 اگست ہفتے کے روز آئے گا۔

یومِ عاشورہ

آئندہ سال 2021 میں یوم عاشورہ کے موقع پر 9 اور 10 محرم کی چھٹی بالترتیب 18 اور 19 اگست کو ہونے کا امکان ہے جو بدھ اور جمعرات کے دن آئے گی۔

عیدمیلادالنبیﷺ

ہر سال 12 ربیع الاول کو رسول ﷺ کے یومِ ولادت کے موقع پر عام تعطیل ہوتی ہے جو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔

سال 2021 میں 12 ربیع الاول 19 اکتوبر یعنی منگل کے روز متوقع ہے۔

یومِ قائداعظم

ہر برس 25 دسمبر کو پاکستان میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش پر عام تعطیل ہوتی ہے۔

2021 میں 25 دسمبر کو قائداعظم کا 144واں یومِ پیدائش ہفتے کے دن آئے گا۔

دیگر

سال 2021 میں صوبہ سندھ کی دیگر عام تعطیل ان دنوں میں آئیں گی۔

شاہ عبداللطیف بھٹائی کا عرس

ہر سال حکومت سندھ کی جانب سے صوفی شاعر شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس پر 14 صفر کو چھٹی کا اعلان کیا جاتا ہے۔

سال 2021 میں شاہ عبدالطیف بھٹائی کا عرس 21 ستمبر منگل کے روز متوقع ہے۔

بینظیر بھٹو کی برسی

حکومت سندھ کی جانب سے ہر سال 27 دسمبر کو سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کی چیئرمین کی برسی کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے۔

آئندہ سال 2021 میں 27 دسمبر کو دی جانے والی عام تعطیل پیر کے روز ہوگی۔

علاوہ ازیں سال کے مندرجہ ذیل دنوں پر عوامی معاملات کے لیے بینک بند ہوں گے:

یکم جنوری، 2021 بروز جمعہ

14 اپریل، 2021 بروز بدھ (یکم رمضان)

یکم جولائی، 2021 بروز جمعرات

نوٹ: چاند نظر آنے اور نہ آنے کے باعث مذہبی حوالوں سے تعطیلات کی تاریخ میں رد و بدل ہوسکتا ہے۔