سماجی دوری میں مدد فراہم کرنے والا انوکھا سویٹر
غیرمعمولی حالات بے نظیر سویٹر کا مطالبہ کرتے ہیں۔
یہ ایک کمپنی سمپلی سیف کا نعرہ ہے جس نے ایسا سویٹر تیار کیا ہے جو لوگوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سماجی دوری کو یقینی بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
کووڈ 19 کے عہد کا یہ منفرد سویٹر اس وقت ایک الارم بجانے لگتا ہے جب دیگر افراد آپ سے 6 فٹ سے کم دوری پر آجاتے ہیں۔
ویسے تو یہ کمپنی ہوم سیکیورٹی سسٹمز تیار کرتی ہے تاہم اس کی جانب سے اس سویٹر کا عملی پروٹوٹائپ تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری ویڈیو کے مطابق 'اپنے خاندان کو یاد دلائیں کہ آپ ان کو دیکھ کر خوشی محسوس کرتے ہیں، مگر یہ مسرت 6 فٹ کے فاصلے سے ہونی چاہیے'۔
ویڈیو میں ایک شخص کو ماسک اور سویٹر پہنے دکھایا گیا ہے اور جب دیگر افراد اس کی جانب بڑھتے ہیں تو ایل ای ڈی لائٹس جگمگانے اور الارم بجنے لگتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ سوشل ڈسٹن سویٹر لوگوں کو یہ یاد دلانے کے لیے ابھی وبا کا خاتمہ نہیں ہوا اور احتیاط ضروری ہے۔
اس میں ایسے موشن سنسرز دیئے گئے ہیں جو دیگر افراد کی قربت کا تعین کرتے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ سویٹر میں 4 لو ریزولوشن تھرمل کیمروں کو مانیٹرنگ کے لیے استعمال کیا جارہا ہے اور ایک سادہ الگورتھم کے ذریعے وہ ارگرد کے درجہ حرارت کا تجزیہ کرتے ہیں اور قریب موجود کسی گرم جسم کو تلاش کرتے ہیں۔
ویسے اس نے واضح کیا ہے کہ یہ وائرس سے فول پروف تحفظ فراہم نہیں کرتا بلکہ یہ نئے سال کی تعطیلات کے موقع پر ایک تفریحی بات چیت کے لیے تیار کیا گیا۔
ویسے تو یہ پروٹوٹائپ ہے مگر کمپنی کی جانب سے لوگوں کو مفت ایسے سویٹرز دیئے جارہے ہیں جن میں ٹیکنالوجی اور سنسرز موجود نہیں، بلکہ لوگوں کو اپنی مرضی سے انہیں اپ گریڈ کرنے کا موقع دیا جارہا ہے۔
یعنی وہ کمپنی کی ویب سائٹ پر جاکر اپ گریڈ کرنے کی ہدایات پڑھ کر ا میں الارم، لائٹ اور سنسرز کا اضافہ کرسکتے ہیں۔