پاکستان

مریم نواز کی چیئرمین پیپلز پارٹی کے ہمراہ بھٹو خاندان کے مزارات پر حاضری

بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز اور آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ نوڈیرو میں بھٹو ہاوس سے خود گاڑی ڈرائیو کر کے گڑھی خدا بخش پہنچے۔
|

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کی ہمراہ گڑھی خدابخش میں بھٹو خاندان کے مزارات پر حاضری دی۔

بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز اور آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ نوڈیرو میں بھٹو ہاؤس سے خود گاڑی ڈرائیو کر کے گڑھی خدابخش پہنچے۔

قیادت کے علاوہ پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید، مریم اورنگزیب اور کیپٹن صفدر نے بھی مزارات پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریب میں پی ڈی ایم رہنماؤں کی شرکت

بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز اور آصفہ بھٹو نے ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو، مرتضیٰ بھٹو اور شاہنواز بھٹو کے مزارات پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر مسلم لیگ کے رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کے ساتھ شہدا گیلری کا بھی دورہ کیا۔

اس موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ پاکستان کی حقیقی جمہوریت کی اصل تصویر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عوام کی خاطر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور نواز شریف نے اپنے فہم و فراست اور اخلاص سے جس میثاق جمہوریت کی بنیاد رکھی تھی، وہ امانت آج بلاول اور مریم کی صورت میں آئندہ نسلوں کو منتقل ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مٹی کی چادر اوڑھ کر سونے والے گو آج ہم میں عملی طور پر تو موجود نہیں لیکن ان کے شعور کی روشنی تیز تر ہو رہی ہے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کے نظریے کیلئے جان دینا ایک حقیر نذرانہ ہوگا، مریم نواز

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیوں سے جمہوریت کا نور پھیل رہا ہے، آئین و جمہور کے قاتلوں کی پھیلائی ظلمت و سیاہی مٹارہا ہے۔

یاد رہے کہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے میں شرکت کے لیے پی پی کی دعوت پر مسلم لیگ (ن) کا 9 رکنی وفد 26 دسمبر کی رات کو نائب صدر مریم نواز کی سربراہی میں نوڈیرو میں بھٹو ہاؤس پہنچا تھا، پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری، فریال تالپور اور شیری رحمٰن نے وفد کا استقبال کیا۔

مسلم لیگ (ن) کے وفد میں مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، کیپٹن (ر) صفدر، محمد زبیر، مفتاح اسمٰعیل، شاہ محمد شاہ، ثانیہ عاشق اور مصدق ملک شامل تھے۔