پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک ہزار 974، اموات میں 55 کا اضافہ
دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو متاثر اور لاکھوں کو ہلاک کرنے والے مہلک کورونا وائرس کی دوسری لہر پاکستان میں بھی جاری ہے اور اس سے یومیہ کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 974 مریض اس وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 55 مریض انتقال کرگئے تاہم ایک ہزار 760 مریض ایسے تھے جو وبا سے شفایاب بھی ہوگئے۔
یوں ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 73 ہزار 309 ہے جس میں سے 4 لاکھ 23 ہزار 892 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 9 ہزار 929 تک پہنچ گئی ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔
اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔
آج 28 دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
سندھ
پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 35 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 2 لاکھ 11 ہزار 276 تک پہنچ گئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 22 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 491 تک پہنچ گئی ہے۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 482 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 36 ہزار 147 ہوگئی۔
تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 21 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 921 ہوگئی۔
خیبرپختونخوا
صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 252 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 57 ہزار 467 ہوگئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 7 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 609 پر جا پہنچی۔
بلوچستان
رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 18 ہزار 82 ہوگئے۔
بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور مجموعی اموات کی تعداد 182پر برقرار ہے۔
اسلام آباد
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 155 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار 272 تک جا پہنچی۔
وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 3 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات 407 تک پہنچ گئیں۔
آزاد کشمیر
کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 43 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 215 ہوگئی۔
آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 2 مریض کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 218تک جا پہنچی۔
گلگت بلتستان
ملک کا سب سے کم متاثر علاقہ گلگت بلتستان ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس اور موت سامنے نہیں آئیں یوں یہاں کیسز کی تعداد 4 ہزار 850 پر برقرار ہے۔
اسی طرح کوئی نئی موت نہ ہونے سے وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔
صحتیاب افراد
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 760 افراد شفایاب ہوئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 23 ہزار 892 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 473309
صحتیاب: 423892
اموات: 9929
فعال کیسز: 39488
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 11 ہزار 276 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 36 ہزار 147 تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 57 ہزار 467 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 82 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 37 ہزار 272 ، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 215 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 850 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:
سندھ: 3491
پنجاب:3921
خیبرپختونخوا: 1609
بلوچستان: 182
اسلام آباد: 407
آزاد کشمیر: 218
گلگت بلتستان: 101