شوبز شخصیات کا بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش
بابائےِ قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے 145 ویں یوم پیدائش کے موقع پر جہاں قوم انہیں یاد کر رہی ہے، وہیں اہم شخصیات نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
متعدد اہم شخصیات نے سوشل میڈیا پر بابائے قوم کے یوم پیدائش کے موقع پر ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں نہ صرف ملک و قوم کا سچا رہنما قرار دیا بلکہ ان کی سیاسی خدمات کا اعتراف بھی کیا۔
کئی اہم شخصیات نے قائد اعظم کے طاقتور اور پسندیدہ ترین جملے لکھ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اداکار بلال اشرف نے بانی پاکستان کے ایک جملے کو لکھتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا، اداکار نے بابائے قوم کا جملہ لکھا کہ ایمان، نظم و ضبط اور فرض شناسی کے ساتھ کوئی ایسا کام نہیں جسے سر انجام نہ دیا جا سکے۔
اداکار سمیع خان نے بھی بانی قوم کو یوم پیدائش پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ وہ حقیقی لیڈر تھے، جنہوں نے ملک و قوم کے لیے اپنا سب کچھ قربان کردیا اور اب ہمیں بھی اپنا فرض ادا کرتے ہوئے وطن کے لیے سب کچھ قربان کرنا چاہیے۔
اداکار فہد مصطفیٰ نے بابائے قوم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے یوم پیدائش پر قوم کو مبارک باد پیش کی۔
اداکارہ وینا ملک نے بانیِ پاکستان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کا جملہ لکھا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی۔
ٹی وی میزبان و سیاستدان عامر لیاقت حسین نے بھی بابائے قوم کی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بابائے قوم کا یوم پیدائش مناتے ہوئے سب کو اپنے آپ سے یہ سوال کرنا چاہیے کہ کیا قائداعظم اپنے پاکستان میں بدعنوان، چور، ڈاکو اور ملک کی دولت لوٹ کر باہر منتقل کرنے والے کسی خود پرست کی حکومت چاہتے تھے؟
ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ اگر آپ کا بھی دل کہتا ہے “نہیں” تو چوروں کو پھر نہ آنے دینا!!
گلوکار فرحان سعید نے بھی بانی پاکستان کا ایک قول شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
اداکارہ زارا نور عباس نے بانی پاکستان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک جذباتی پوسٹ کے ذریعے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
اداکارہ نے آزادی، الگ وطن اور سب سے زیادہ انسانی حقوق کو اہمیت دینے پر بانی پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج ان کی وجہ سے ہی پاکستان ایک آزاد ملک ہے اور انہوں نے مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیا۔