گلوکارہ آریانا گرانڈے نے منگنی کرلی
امریکی پاپ گلوکارہ، اداکارہ و ماڈل 27 سالہ آریانا گرانڈے نے پہلی منگنی ختم کرنے کے دو سال بعد دوسری منگنی کرلی۔
آریانا گرانڈے نے پہلی منگنی 2018 میں امریکی کامیڈین پیٹی ڈیوڈسن سے کی تھی تاہم ان کا تعلق ایک سال بھی نہ چل سکا اور دونوں نے اسی سال ہی رشتہ ختم کرلیا تھا۔
آریانا گرانڈے کو کم عمری میں ہی مشہور ہونے کی وجہ سے انڈسٹری میں شہرت حاصل رہی اور پہلی منگنی کے ختم ہونے کے بعد ان کے تعلق دیگر افراد سے بھی رہے۔
تاہم اب انہوں نے ریئل اسٹیٹ کے کاروباری امریکی شخص سے منگنی کرنے کی تصدیق کردی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ آریانا گرانڈے نے اپنی انسٹاگرم پوسٹ میں منگیتر ڈالٹن گومز کے ساتھ متعدد تصاویر شیئر کرتے ہوئے منگنی کی تصدیق کردی۔
اداکارہ و گلوکارہ نے منگیتر کے ساتھ متعدد رومانوی تصاویر اور انگوٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مختصر کیپشن لکھا کہ ‘سب کچھ ہمیشہ کے لیے‘۔
گلوکارہ کی جانب سے منگیتر کے ساتھ تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد متعدد شخصیات نے ان کی نئی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔
اگرچہ گلوکارہ نے منگنی کی تصدیق کردی تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ وہ شادی کب تک کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: آریانا گرانڈے کا نامور فیشن برانڈ کے خلاف ایک کروڑ ڈالر کا ہرجانہ
آریانا گرانڈے نے جس شخص کے ساتھ منگنی کی، ان کے ساتھ گلوکارہ کے تعلقات رواں برس کے آغاز سے استوار ہوئے۔
اسی حوالے سے پیپلز میگزین نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ڈالٹن گومز اور آریانا گرانڈے کے درمیان رواں برس کورونا کا لاک ڈاؤن نافذ ہونے سے قبل ہی تعلقات استوار ہوچکے تھے تاہم وبا کی وجہ سے وہ زیادہ منظر عام پر نہیں آ سکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بھی دونوں ایک ساتھ لاس اینجلس میں رہے تاہم ایک ہی گھر میں رہنے کے باوجود انہوں نے سماجی فاصلوں کی ہدایات پر عمل کیا۔
دونوں نے رواں برس جون میں پہلی بار سوشل میڈیا پر ایک ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے تعلقات کا اعتراف کیا تھا اور اب سال کے اختتام سے قبل ہی دونوں نے منگنی کرلی۔
آریانا گرانڈے نے گزشتہ ماہ نومبر میں ہی اپنا میوزک ایلبم پوزیشن ریلیز کیا تھا، جس پر جلد نیٹ فلیکس دستاویزی فلم نشر کرے گا، دستاویزی فلم میں گلوکارہ کے ایلبم کی تیاری کے دوران بنائی گئی پس پردہ ویڈیوز کو بھی دکھایا جائے گا۔
آریانا گرانڈے نے کم عمری میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا اور انہیں نوجوانی میں 15 سال کی عمر میں شہرت حاصل ہوئی تھی، وہ نیم عریاں پرفارمنس کی وجہ سے بھی شہرت رکھتی ہیں۔