پاکستان

ایل او سی پر بھارتی شیلنگ میں زخمی ہونے والی بچی دم توڑ گئی

7 سالہ حورین بھارتی فوج کی شیلنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 11 افراد میں شامل تھی، رپورٹ

مظفرآباد: ضلع کوٹلی کے ایک گاؤں میں بھارتی شیلنگ سے گزشتہ ماہ زخمی ہونے والی بچی ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی۔

بچی کے جاں بحق ہونے کے بعد رواں برس بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے سبب شہید ہونے والے شہریوں کی تعداد 30 ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 7 سالہ حورین ولد محمد عرفان ایک شادی میں شریک ان 11 افراد میں شامل تھیں جو 22 نومبر کو لائن آف کنٹرول کے خوئیرتا سیکٹر میں جنجوٹ بہادر گاؤں میں بھارت کی جانب سے غیر متوقع شیلنگ کے نتیجے میں ایک گھر میں مارٹر گرنے سے زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: کوٹلی میں بھارتی فوج کی شیلنگ سے 7 سالہ لڑکی سمیت 11 افراد زخمی

حورین کے اہلِ خانہ میزبان کے رشتہ دار تھے اور ضلع میر پور کے علاقے اسلام گڑھ سے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے، زخمیوں میں ان کی والدہ اور 5 سالہ بہن بھی شامل تھی۔

اس حوالے سے ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ بچی کو ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اسی دوپہر بہتر علاج معالجے کے لیے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی منتقل کردیا گیا تھا۔

سی ایم ایچ میں حورین کا ایک پیچیدہ آپریشن کیا گیا تھا اور گزشتہ ہفتے تک وہ صحتیاب ہوتی نظر آرہی تھی تاہم اس کے بعد وہ کومہ میں چلی گئیں اور جمعرات کی صبح 4 بجے دم توڑ گئیں۔

مزید پڑھیں: جنگ بندی کی خلاف ورزی، دفتر خارجہ میں بھارتی سینئر سفارتکار کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ

خوئیرتا کے اسسٹنٹ کمشنر سید نسیم عباس نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بچی کی نماز جنازہ اسلام گڑھ میں ادا کیے جانے بعد اسے مقامی قبرستان میں دفن کردیا گیا۔

سیکریٹری سول ڈیفینس اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ سید شاہد محی الدین قادری کے مطابق حورین رواں برس آزاد کشمیر میں بھارتی فوج کی وحشیانہ کارروائی میں شہید ہونے والی 30ویں شہری تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات میں تواتر اضافہ دیکھا گیا ہے اور آئے روز آزاد کشمیر میں ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے۔

سوات میں مکانات پر برفانی تودہ گرنے کی ویڈیو سامنے آگئی

گیس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ، ایشیا میں سپلائی میں کمی

’ارطغرل غازی‘ بھارت میں یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیوز میں شامل