پاکستان

آمدن سے زائد اثاثے: نیب نے فضل الرحمٰن کے مزید 5 ساتھیوں کو طلب کرلیا

نیب انکوائری کے لیے ان تمام افراد کو 16 دسمبر کو پشاور دفتر میں پیش ہونے کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
|

قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور کرپشن کی انکوائری میں ان کے مزید 5 ساتھیوں کو طلب کر لیا۔

نیب انکوائری کے لیے ان تمام افراد کو 16 دسمبر کو پشاور دفتر میں پیش ہونے کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

جن افراد کو نوٹس جاری کیے گئے ان میں عبدالرؤف، ابرار احمد، محمد جلال، دین محمد اور ابرار علی شاہ شامل ہیں۔

ان افراد کا تعلق ڈیرہ اسمٰعیل خان اور لکی مروت سے ہے۔

مزید پڑھیں: نیب اجلاس میں مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر کے خلاف انکوائریوں میں پیش رفت کا جائزہ

خیال رہے کہ ستمبر میں متضاد خبریں سامنے آئی تھیں کہ نیب نے مولانا فضل الرحمٰن کو آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں تحقیقات کے لیے طلب کرلیا ہے، جبکہ ان کے قریبی ساتھی موسیٰ خان کو 24 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔

اس سے قبل نیب خیبر پختونخوا نے صوبائی حکومت کے افسر و مولانا فضل الرحمٰن کے چھوٹے بھائی ضیاالرحمٰن کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔

ضیاالرحمٰن کو غیر قانونی اثاثے رکھنے سمیت متعدد الزامات پر شروع کی گئی انکوائری میں 25 اگست کو تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔