بولی وڈ اداکارہ نیتو کپور ایک ہفتے میں ہی کورونا سے صحت یاب
بولی وڈ اداکارہ نیتو کپور عمر رسیدہ ہونے کے باوجود محض ایک ہی ہفتے میں کورونا سے صحت یاب ہوگئیں۔
نیتو کپور معروف آنجھانی اداکار رشی کپور کی اہلیہ اور بولی وڈ چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی والدہ ہیں۔
نیتو کپور میں رواں ماہ 4 دسمبر کو فلم کی شوٹنگ کے دوران کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، جس کی وجہ سے انہیں دوسری ریاست سے ایئر ایمبولینس کے ذریعے ممبئی منتقل کیا گیا تھا۔
تاہم کورونا میں ایک ہفتہ مبتلا رہنے کے بعد اداکارہ کی بیٹی نے والدہ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ کورونا سے صحت یاب ہوچکی ہیں۔
نیتوکپور کی بیٹی نے 11 دسمبر کو والدہ کے ساتھ انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ کا دوسرا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا۔
ساتھ ہی انہوں نے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اسی حوالے سے ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نیتو کپور ایک ہفتے تک قرنطینہ میں رہیں اور ان میں کوئی بڑی علامات بھی ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔
نیتو کپور کا دوسرا ٹیسٹ ایسے وقت میں منفی آیا جب کہ ایک دن قبل ہی انہوں نے خود میں کورونا کی تشخیص کی تصدیق کرتے ہوئے مداحوں کو دعا کی اپیل کی تھی۔
نیتو کپور کو اداکار ورون دھون اور فلم ساز راج مہتا کے ساتھ 4 دسمبر کو کورونا ہوا تھا اور یہ سب آنے والی فلم ’جگ جگ جیو‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: شوٹنگ کے دوران ورن دھون و نیتو کپور سمیت تین افراد کورونا کا شکار
دلچسپ بات یہ ہے کہ عمر رسیدہ ہونے کے باوجود نیتو کپور نوجوان اداکار ورون دھون اور ہدایت کار راج مہتا سے جلد کورونا سے صحت یاب ہوگئیں۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نیتو کپور کی طرح ورون دھون اور راج مہتا کی طبیعت بھی کافی بہتر ہے اور وہ دوبارہ فلم کی شوٹنگ پر جانے کے لیے تیار ہیں تاہم وہ ڈاکٹرز کی تجاویز اور منفی ٹیسٹ آنے کے منتظر ہیں۔
ساتھ ہی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ دوسری جانب ’جگ جگ جیو‘ کی کاسٹ میں شامل انیل کپور اور کیارہ اڈوانی نے فلم کی شوٹنگ شروع کردی اور جلد ہی ورون دھون، نیتو کپور اور راج مہتا بھی ان کا ساتھ دیں گے۔