لائف اسٹائل

سعودی اداکار نے قاہرہ فلم فیسٹیول میں بہترین اداکار کا اعزاز حاصل کرلیا

انہیں یہ ایوارڈ فلم فیسٹیول میں شامل ہونے والی پہلی سعودی فلم میں اداکاری پر دیا گیا۔

سعودی اداکار فیصل الدوخی نے مصر میں ہونے والے قاہرہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرلیا۔

انہیں یہ ایوارڈ فلم فیسٹیول میں شامل ہونے والی پہلی سعودی فلم میں اداکاری پر دیا گیا۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی ڈائریکٹر عبدالعزیز الشاحی کی تیار کردہ فلم 'دی تیمبور آف ریٹریبیوشن' نے قاہرہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اسپیشل جیوری پرائز حاصل کیا جبکہ اس کے مرکزی اداکار کو بہترین اداکار کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

سعودی اداکار فیصل الدوخی نے 2016 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ 2016 میں فلم 'وساطی' اور 2018 میں فلم 'بلیک سینڈ' سمیت کئی مشہور فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کے فلم فیسٹیول میں 11 فلموں کی نمائش

ان کی فلم 'دی تیمبور آف ریٹریبیوشن' کی کہانی 1990 کی دہائی میں ایک جلاد کے بیٹے کے گرد گھومتی ہے جو شادیوں میں اپنی گلوکاری سے لوگوں کو محظوظ کرنے والے شخص کی بیٹی کی محبت میں مبتلا ہوجاتا ہے۔

فلم میں یہ سوال اٹھایا گیا ہے کہ تفریح کی دنیا اور موت دینے میں سے کون دنیا کو جینے کی بہتر جگہ بنانے کے بدلے اپنے خوابوں کی قربانی دے گا۔

اسی فلم فیسٹیول میں ایک اور سعودی فلمساز سارہ میسفر کی فلم 'دی گرلز ہو برنٹ دی نائٹ' بھی پیش کی گئی تھی۔

فلم میں دو 13 سالہ بہنوں کو شادی کی تقریب کی تیاری کرتے دکھایا گیا جو خریداری کے موقع پر جانے کا فیصلہ کرنے کے بعد کئی غیر متوقع چیزوں کا تجربہ کرتی ہیں۔

علاوہ ازیں فلم فیسٹیول میں 2 اداکاراؤں کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا، ان میں سے مصر کی الہام شاہین کو فلم کرفیو اور نتالیہ پاولین کووا کو کانفرنس میں اداکاری پر یہ اعزاز دیا گیا۔

بہترین نان فکشن فلم کا اعزاز لبنان کی فلم 'وی آر فرام دیئر' نے حاصل کیا۔

اس کے ساتھ ہی قاہرہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں کچھ فلمز کو مختلف کیش پرائز بھی دیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ’وینس‘ فلم فیسٹیول اختتام پذیر

خیال رہے کہ قاہرہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں 40 ممالک کی 90 سے زائد فلمیں پیش کی گئیں جن میں سے 20 فلمز کے انٹرنیشنل پریمیئر بھی ہوئے۔

واضح رہے کہ قاہرہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ان 15 فیسٹولز میں سے ایک ہے جسے انٹرنیشنل فیڈریشن آف فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشنز (ایف آئی اے پی ایف) کی جانب سے 'اے' کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

قاہرہ فلم فیسٹیول عرب دنیا، افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں سب سے پرانا اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ کلچر فیچر فلم فیسٹول ہے۔

ایشیا کی 50 مقبول شوبز شخصیات میں 4 پاکستانی بھی شامل

ماہرہ خان بھی کورونا وائرس سے متاثر

عاطف اسلم جنوری 2021 میں دبئی میں کنسرٹ کریں گے