2021 کے لیے دو 'کلر آف دی ایئر' منتخب
ہر سال پینٹون کی جانب سے آئندہ سال کے لیے ایک رنگ کا انتخاب کیا جاتا ہے اور اس سال بھی پینٹون کی جانب سے سال 2021 کے لیے کلر آف دی ایئر منتخب کرلیا گیا تھا۔
تاہم پینٹون کی جانب سے آئندہ سال 2021 کے لیے پینٹون کی جانب سے 2 رنگوں کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں الٹی میٹ گرے (5104-17) اور پینٹون الیومینیٹنگ (0647-13) شامل ہیں۔
الٹی میٹ گرے رنگ کا مطلب عالمی وبا کے دوران عملی اور مستقل مزاجی کی نمائندگی کرنا ہے جبکہ منتخب کیے جانے والا پیلا رنگ مستقبل کے لیے امید کا اظہار کرتا ہے۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پینٹون کی جانب سے گرے کو کلر آف دی ایئر منتخب کیا گیا ہے جبکہ دوسری مرتبہ 2 رنگوں کو کلر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔
اس سے قبل 2016 میں گلابی اور نیلے رنگ کے شیڈز، روز کوارٹز اور سیرینٹی کو منتخب کیا گیا تھا۔
پینٹون کا کہنا ہے کہ 2021 کے لیے منتخب کیے گئے پیلے اور گرے رنگوں میں 'طاقت اور امید کا پیغام' مضمر ہے۔
کمپنی نے اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ ہمیں یہ محسوس کرنے کی ضرورت ہے کہ ہر چیز روشن ہونے جارہی ہے۔
پینٹون کلر انسٹیٹیوٹ کی نائب صدر لوری پریس مین نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیٹرس ایزمین سے ویڈیو کال میں کہا کہ 2 رنگوں کا یہ مجموعہ ابھرنے کی قوت، مثبتیت اور امید سے متعلق بات کرتا ہے جس کی ہمیں ضرورت ہوتی ہے جب ہم کسی چیز کو دوبارہ ترتیب دیتے ہیں، تجدید کرتے ہیں، دوبارہ تصور کرتے ہیں اور دوبارہ ایجاد کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ پینٹون کی جانب سے کیا جانے والا کلر آف دی ایئر کا انتخاب پینٹون کے ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے کیا جاتا ہے جو فیشن، انٹیرئیر ڈیزائن، فن تعمیر اور فن کے رجحان کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
یہ وہ رنگ ہیں جو آئندہ 12 سے 24 ماہ کے دوران سب سے زیادہ دیکھیں جائیں گے۔ ٓ