کورونا کے شکار بہروز سبزواری ہسپتال سے ڈسچارج
گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے سینیئر اداکار بہروز سبزواری کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
بہروز سبزواری میں نومبر کے آخر میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور بعد ازاں طبیعت خراب ہونے پر انہیں کراچی کے ضیاء الدین ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
صحت میں زیادہ خرابی ہونے کے باعث بہروز سبزواری کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کیا گیا تھا۔
ہسپتال منتقل ہوتے وقت بہروز سبزواری نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا تھا کہ اگرچہ وہ ہسپتال میں ہیں، تاہم ان کی صحت بہتر ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔
انہوں نے مداحوں دعائوں کی اپیل بھی کی تھی اور اب خبر سامنے آئی ہے کہ انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بہروز سبزواری بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے
بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری نے اپنی ٹوئٹ اور انسٹاگرام اسٹوری میں تصدیق کی کہ ان کے والد کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا اور اب وہ گھر منتقل ہوچکے ہیں۔
شہروز سبزواری نے والد کے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے پر خدا کے شکرانے ادا کرتے ہوئے دعائیں کرنے پر مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
شہروز سبزواری نے یہ بھی تصدیق کی کہ ان کے والد کی طبیعت بہتر ہے اور وہ گھر پر ہیں۔
مزید پڑھیں: اداکارہ نیلم منیر میں بھی کورونا کی تشخیص
اگرچہ شہروز سبزواری نے والد کے ہسپتال سے گھر منتقل ہونے کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے یہ وضاحٹ نہیں کی کہ ان کے والد کا دوسرا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا ہے یا نہیں؟
انہوں نے والد کے کورونا سے صحت یاب ہونے سے متعلق بھی وضاحت نہیں کی، تاہم سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں ہیں کہ بہروز سبزواری نے کورونا کو شکست دے دی، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
بہروز سبزواری کے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے سے ایک دن قبل ہی اداکارہ نیلم منیر نے بھی تصدیق کی تھی کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: طوبیٰ عامر کورونا سے صحت یاب، عامر لیاقت کی طبیعت میں بہتری
نیلم منیر سے قبل میزبان و رکن اسمبلی عامر لیاقت اور ان کی اہلیہ میزبان و اداکارہ طوبیٰ عامر میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور طوبیٰ عامر صحت یاب بھی ہوچکی ہیں۔
تاہم تاحال عامر لیاقت کے کورونا سے صحت یاب ہونے کے حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی، البتہ وہ ہسپتال سے گھر منتقل ہوچکے ہیں اور ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔