کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے یو وی لائٹ کا منفرد استعمال سامنے آگیا

اس وقت جب کووڈ 19 کی جان لیوا وبا دنیا بھر میں تباہی مچارہی ہے اور اختتام نظر نہیں آتا، تو اس کی روک تھام یا پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے نئے ذرائع کو جانچا جارہا ہے۔
اگرچہ بیشتر ماہرین اس بات سے متفق ہیں کہ ایک ویکسین ہی اس وبا کو روک سکتی ہے یا بتدریج اس کا پھیلاؤ روک سکتی ہے، مگر اس میں مہینوں لگ سکتے ہیں۔
اس کے نتیجے میں فیس ماسک، سماجی دوری اور اشیا کی صفائی جیسی احتیاطی تدابیر ہی باقی بچتی ہیں، مگر انسانی رویے انہیں زیادہ موثر نہیں ہونے دیتے۔
اب امریکا کے محققین نے ایک انقلابی پیشرفت کا دعویٰ کیا ہے جو نوول کورونا وائرس کی روک تھام کے ساتھ مستقبل کے وبائی امراض کی روک تھام کرسکے گا۔
نیو میکسیکو یونیورسٹی کے محققین کو اب تاریک سرنگ کے دہانے میں روشنی نظر آرہی ہے۔
جی ہاں واقعی اس تحقیق کی بنیادی دریافت روشنی کے حوالے سے ہی ہے۔
طبی جریدے جرنل اے سی ایس اپلایڈ میٹریلز اینڈ انٹرفیسز میں شائع تحقیق میں مخصوص پولیمرز اور اولگومرز کے امتزاج کو الٹراوائلٹ روشنی سے ملایا گیا تو کورونا وائرس کو مکمل طور پر ختم کرنے میں کامیابی ملی۔
اگرچہ بلیچ یا الکحل کو بھی وائرس کے خلاف موثر مانا جاتا ہے مگر ان سے اشیا کو صاف رکھنے کی مدت محدود ہوتی ہے۔
یو وی لائٹ کی نئی تیکنیک سے اشیا پر ایک کوٹنگ بنائی جاتی ہے جو وائرس کے اجتماع کو زیادہ وقت تک روکتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ یہ تیکنیک اینٹی وائرل خصوصیات رکھتی ہے۔
اس مقصد کے لیے اشیا پر روشنی ڈالنی ہوگی، جس کے بعد ان کی سطح روشنی کو جذب کرکے آکسیجن کو متحرک کرتی ہے جس سے ان پر موجود وائرل ذرات ختم ہونے لگتے ہیں۔