پاکستان

مساجد کو کسی صورت بند نہیں کیا جاسکتا، احتیاط کی تاکید ضروری ہے، وزیر اعظم

وزارت مذہبی امور علما و مشائخ کو کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے اعداد و شمار کی فراہمی یقینی بنائے، عمران خان کی ہدایت

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مساجد کو کسی صورت بند نہیں کیا جاسکتا تاہم کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید ضروری ہے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق عمران خان سے وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے ملاقات کی۔

ملاقات میں عمران خان نے وزارت مذہبی امور کو کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے علما اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ وزارت مذہبی امور علما و مشائخ کو کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے اعداد و شمار کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ دینی مواعظ اور خطبات میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید منبر کے ذریعے ممکن ہو۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت کا 4 دسمبر کو ملک بھر میں یوم دعا منانے کا اعلان

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مساجد کو کسی صورت بند نہیں کیا جاسکتا تاہم کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید ضروری ہے۔

پیر نورالحق قادری نے وزیر اعظم سے علما و مشائخ کونسل کی تنظیمِ نو پر بھی مشاورت کی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آگئی ہے اور ملک بھر کے ہسپتالوں میں کووِڈ 19 کے مریضوں کے لیے مختص گنجائش کم ہوتی جارہی ہے۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 72 ہے جس میں سے 3 لاکھ 50 ہزار 305 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 8 ہزار 260 تک پہنچ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ’کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی نہ رکی تو ہم زندگی و معاش دونوں سے محروم ہوجائیں گے‘

حکومت نے کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے کے لیے ایک بار پھر مختلف پابندیاں عائد کردی ہیں جبکہ کراچی سمیت مختلف شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کردیا گیا ہے۔