حکمران جماعت کے ایم این اے وزیراعظم ہاؤس پر 'غیر منتخب افراد کے قبضے' پر برہم
فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض احمد نے غیر منتخب لوگوں پر وزیر اعظم ہاؤس پر 'قبضہ کرنے' اور ذاتی فوائد کے لیے عمران خان کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجا ریاض احمد کا کہنا تھا کہ منتخب لوگوں کو دور دھکیلا جارہا ہے جبکہ غیر منتخب لوگ جن کا عوام سے کوئی تعلق نہیں وہ وزیراعظم ہاؤس پر حکومت کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موٹروے پر ٹول جمع کرنے کا کام شروع کرنا ایک سازش ہے، ہزاروں گاڑی چلانے والوں سے روزانہ پنڈی بھٹیہ موٹروے پر پیسے وصول کیے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی کی 2 سالہ کارکردگی کو 'تباہ کن' قرار دے دیا
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف بیوروکریسی کی اس طرح کی سازشوں کی وجہ سے عوام ہم پر تنقید کر رہی ہے۔
راجا ریاض احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے وفاقی وزیر مراد سعید سے بات کی تھی جس کے بعد وہ کچھ سال تک پنڈی بھٹیہ ٹول پلازہ ختم کرانے میں کامیاب ہوگئے تھے، وفاقی وزیر نے خود کہا تھا کہ پنڈی بھٹیہ موٹروے پر ٹول وصول کرنا ناجائز ہے۔
تاہم ایک ماہ سے دوبارہ ٹول پلازہ شروع کیا جاچکا ہے اور ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وزیر کو اس پر کیسے آمادہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹول جمع کرنے سے موٹروے سے سفر کرنے والوں کے لیے مشکلات کھڑی ہوگئی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہونے کے باعث ٹول بھرنے کے لیے انہیں 2 گھنٹے تک انتظار کرنا پڑا تھا، فیصل آباد جانے والے لوگوں کو ٹول پلازہ سے گزرنا پڑتا ہے جہاں ان کے 4 گھنٹے ضائع ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹول پلازہ بنانے کی سازشوں کے بارے میں دریافت کریں اور قصوروار کو سزا دیں جنہوں نے ٹول جمع کرنے کے خلاف مبینہ طور پر رشوت وصول کی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی حکومت کے دو سال، اہم منصوبے، ’تاریخی‘ اقدامات!
راجا ریاض احمد کا کہنا تھا کہ 'بیوروکریسی' کی اس طرح کی سازشوں کی وجہ سے عوام پی ٹی آئی حکومت کے خلاف ہوگئے ہیں۔
رکن قومی اسمبلی نے اعلان کیا کہ اگر حکومت نے اس مسئلے کو حل نہیں کیا تو وہ تاجروں کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے۔
واضح رہے کچھ دن قبل تاجروں کی جانب سے ٹول ٹیکس جمع کرنے کے خلاف موٹروے کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے احتجاج کے لیے کوئی تاریخ نہیں دی تھی۔
انجمن تاجران کے سٹی سیکریٹری جنرل محمود عالم نے کہا تھا کہ انہوں نے قیادت کرنے والے لوگوں کو عوام کو پیش آنے والی مشکلات و مسائل اور احتجاج سے متعلق آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسکینڈلز، تنقید اور تنازعات کے دو سال، وفاقی کابینہ میں چہروں کی تبدیلیاں
ان کا مزید کہنا تھا کہ تاجر اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں اعلان کریں گے۔
رکن قومی اسمبلی راجا ریاض احمد کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کو چند روز قبل ایک اجلاس میں آگاہ کیا گیا تھا کہ اس ٹول پلازہ سے تحریک انصاف کو نقصان پہنچ رہا ہے اسے ختم کردینا چاہیے، لیکن اس مطالبے پر عمران خان نے کیا جواب دیا تھا اس حوالے سے انہوں نے کچھ نہیں بتایا ہے۔
جہانگیر ترین کی مبینہ کرپشن سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین نے کچھ غلط نہیں کیا، صرف سبسڈی حاصل کی جو پوری دنیا میں دی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں: اپوزیشن کیلئے بری خبر ہے کپتان کریز پر لمبی اننگز کھیلنے کیلئے سیٹ ہوگیا ہے، اسد عمر
انہوں نے کہا کہ اب وہ ملک میں ہیں اور ادارے آزاد ہیں اور اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کرسکتے ہیں۔
انہوں نے اس تاثر کو بھی دور کرنے کی کوشش کی کہ جہانگیر ترین نے گلگت بلتستان انتخابات میں کوئی کردار ادا نہیں کیا اور نہ ہی جماعت نے انہیں اس طرح کی کوئی ذمہ داری دی تھی۔
فیصل آباد کو وزارت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصل آباد شہر نے گزشتہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا لیکن غیر منتخب لوگوں کی سازشوں کے باعث کوئی وزارت نہیں ملی، جو صرف اپنے مقصد کے حصول کے لیے زیراعظم کو غلط معلومات دے رہے تھے۔