پاکستان

ایل او سی پر بھارتی جارحیت، بلااشتعال فائرنگ سے شہری شہید

بھارتی فوج نے ایل او سی کے باگسر سیکٹر میں سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بندوقیں ایک بار پھر بےلگام ہوگئیں جس کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے باگسر سیکٹر میں سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

بھارتی اشتعال انگیزی سے گاؤں گڑھی میں اپنے گھر کے قریب موٹرسائیکل پر سوار 33 سالہ انصر نشانہ بنے اور اندھا دھند فائرنگ سے شہید ہوگئے۔

واضح رہے کہ 22 نومبر کو بھارت کی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کے قریب آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں شادی کے گھر میں موٹر شیل کی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: کوٹلی میں بھارتی فوج کی شیلنگ سے 7 سالہ لڑکی سمیت 11 افراد زخمی

ابتدائی طور پر 7 سالہ لڑکی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع آئی تھی لیکن بعد میں واضح کیا گیا کہ وہ دماغ میں لگنے والی چوٹ کی وجہ سے بے ہوش ہوگئی تھیں۔

قبل ازیں 14 نومبر کو بھارتی فوج نے آزاد جموں و کشمیر کے متعدد سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی تھی جس سے 5 شہری اور پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگئے تھے۔

اسی روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے رخ چکری اور خنجر سیکٹر میں راکٹ اور مارٹرز سے تاری بند اور سماہنی گاؤں میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل او سی پر شدید فائرنگ و گولہ باری، 5 شہری اور ایک جوان شہید

بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے ایک شہری نے جام شہادت نوش کیا جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہو گئے تھے۔