لائف اسٹائل

بھارتی ویب سیریز 'دہلی کرائم' کیلئے انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ

نیویارک کے گورنراینڈریو کوومو کو کورونا پر 111 میڈیا بریفنگز دیے جانے پر بھی انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز دیا گیا۔

امریکا میں ہر سال ہونے والے انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز میں سب سے بڑا ایوارڈ نیٹ فلیکس پر جاری ہونے والی 'گینگ ریپ' کے جرم پر بنائی گئی بھارتی ویب سیریز 'دہلی کرائم' کو دے دیا گیا۔

یہ پہلا موقع ہےکہ کسی بھارتی ویب سیریز کو اتنا بڑا ایوارڈ دیا گیا ہے، اس سے قبل بھارتی سیریز اور فلموں کو عالمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا جا چکا ہے۔

انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز میں امریکی ریاست نیویارک کے گورنراینڈریو کوومو کو بھی خصوصی فاونڈرز ایوارڈ سے نوازا گیا۔

شوبز ویب سائٹ ہولی وڈ رپورٹر کے مطابق انٹرنیشنل اکیڈمی آف ٹیلیویژن آرٹ اینڈ سائنسز کی جانب سے ہر سال دیے جانے والے انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز میں مجموعی طور پر 12 کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے۔

انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز میں 'بہترین ڈراما سیریز' کا ایوارڈ گزشتہ برس نیٹ فلیکس پر ریلیز ہونے والی 'گینگ ریپ' کی سیریز 'دہلی کرائم' کو دیا گیا۔

'دہلی کرائم' کی کہانی 2012 میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بس میں 'گینگ ریپ' کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنائی گئی لڑکی کے گرد گھومتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’دہلی کرائم’: جیوتی سنگھ ریپ واقعے کے زخم تازہ ہوگئے

مذکورہ 'گینگ ریپ' واقعے کے بعد بھارت میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا اور اس واقعے کے بعد دنیا بھر میں بھارتی حکومت پر تنقید بھی کی گئی تھی۔

انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز تقریب کا انعقاد آن لائن کیا گیا، جس میں 'بہترین کامیڈی' کا ایوارڈ نیٹ فلیکس کی ہی سیریز 'نو باڈی لکنگ' کو دیا گیا۔

'بہترین فلم یا منی سیریز' کا ایوارڈ برطانوی فلم 'ریسپانسیبل چائلڈ' کو دیا گیا، اسی طرح 'بہترین اداکار' کا ایوارڈ اسی فلم کے اداکار بلی برات کو دیا گیا۔

'بہترین اداکارہ کا ایوارڈ' اداکارہ گلینڈا جیکسن کو دیا گیا، 'بہترین ڈاکیومینٹری' کا ایوارڈ برطانوی دستاویزی فلم کو دیا گیا۔

مزید پڑھیں: کورونا کی '111 بریفنگز' پر نیویارک کے گورنر کیلئے انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ کا اعلان

انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کا خصوصی 'فاونڈرز ایوارڈ' امریکی ریاست نیویارک کے گورنراینڈریو کوومو کو ان کی جانب سے کورونا کی وبا کے دوران 111 میڈیا بریفنگس دیے جانے پر انہیں دیا گیا۔

نیویارک کے گورنر سے قبل یہ ایوارڈ امریکا کے سابق نائب صدر ال گور، اوپرا ونفرے اور ڈائریکٹر اسٹیون اسپیل برگ کو دیا جاچکا ہے۔

یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز ہر سال امریکا میں ہی ہونے والے معروف ایمی ایوارڈز سے الگ ہیں۔

انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کا سلسلہ 1973 میں شروع ہوا جب کہ ایمی ایوارڈز کا سلسلہ گزشتہ 7 دہائیوں سے جاری ہے۔

انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کے مقابلے ایمی ایوارڈز کو زیادہ شہرت حاصل ہے اور اس کا شمار فلمی دنیا کے بڑے اور معروف ایوارڈز میں ہوتا ہے۔

اسلام آباد: کاون ہاتھی کو کمبوڈیا روانہ کرنے کی تیاریاں

آئمہ بیگ نے بھی اپنا یوٹیوب چینل کھول لیا

عدالت نے گلوکارہ صنم ماروی کے بچوں کی حوالگی کا معاملہ نمٹا دیا