پاکستان

باجوڑ: سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا نیٹ ورک تباہ کردیا، 2 کمانڈرز ہلاک

دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو سرحد پار سے بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' سے براہ راست احکامات مل رہے تھے، آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے قبائلی ضلع باجوڑ میں دہشت گردوں کا بڑا نیٹ ورک اور 2 کمانڈرز کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر ضلع باجوڑ کے گاؤں تنگی کے قریب دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے پر کارروائی کی اور انکاؤنٹر میں اہم دہشت گرد کمانڈرز زبیر اور عزیزالرحمٰن عرف فدا کو ہلاک کردیا۔

یہ دہشت گرد کراچی اور باجوڑ میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری حکام اور معصوم شہریوں پر متعدد حملے کیے۔

یہ بھی پڑھیں: سرحد پار سے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر فائرنگ، پاک فوج کا سپاہی شہید

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کا یہ نیٹ ورک ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں معاونت کررہا تھا اور اسے سرحد پار سے بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' سے براہ راست احکامات مل رہے تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ زبیر، باجوڑ اور ملحقہ علاقوں کا آپریشنل کمانڈر تھا جبکہ عزیزالرحمٰن کی اہلیہ کراچی میں خواتین ونگ کی نگران تھی۔

آپریشن کے دوران کمانڈر عزیزالرحمٰن کی اہلیہ کو گرفتار کرکے مقامی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

واضح رہے کہ باجوڑ میں گزشتہ ایک ماہ سے دہشت گردوں کا نیٹ ورک تباہ کرنے کے لیے آپریشنز کیے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: باجوڑ: سرحد پار سے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

19 نومبر کو باجوڑ کے علاقے مندل میں ایک ٹھکانے پر کارروائی کرکے سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد کمانڈر خلیل عرف یاسین کو ہلاک کیا تھا۔

وہ ریموٹ کنٹرول دھماکوں، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔