پاکستان

اسلام آباد میں کووِڈ 19 کے مریضوں کیلئے مختص بستروں کے استعمال کی شرح سب سے بلند

وفاقی دارالحکومت میں 66.2 فیصد جبکہ پنجاب میں کووِڈ 19 مریضوں کے لیے مختص 10.1 فیصد بستر زیر استعمال ہیں، رپورٹ
|

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کووِڈ 19 کے مریضوں کے لیے مختص کردہ بستروں کی سب سے زیادہ تعداد زیر استعمال ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے حکام نے ڈان کو بتایا کہ 12 ہسپتالوں میں 362 بستر عالمی وبا سے متاثرہ مریضوں کے لیے مختص ہیں تاہم اس تعداد میں وینٹیلیٹرز شامل نہیں ہیں، ہسپتالوں میں 240 مریض داخل ہیں یعنی 66.2 فیصد بستر زیر استعمال ہیں۔

پورے پنجاب میں 242 ہسپتالوں میں 8 ہزار 624 بستر کووِڈ 19 مریضوں کے لیے مختص ہیں جن میں سے 10.1 فیصد زیر استعمال یعنی 877 پر مریض داخل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں کورونا مریضوں کیلئے وینٹیلیٹر کے استعمال میں اسلام آباد دوسرے نمبر پر

آزاد کشمیر میں مختص شدہ بستروں کے استعمال کی شرح تیسرے نمبر پر 8.4 فیصد ہے یعنی 17 ہسپتالوں میں مختص شدہ 918 میں سے 78 بستر زیر استعمال ہیں۔

گلگت بلتستان کے 22 ہسپتالوں میں 158 بستر مختص کیے گئے جن میں سے 11 یعنی 6.9 فیصد زیر استعمال ہیں۔

اسی طرح خیبرپختونخوا کے 200 ہسپتالوں میں 5 ہزار 440 بستر مختص کیے گئے جن میں سے 6.2 فیصد یعنی 339 زیر استعمال ہیں۔

سندھ میں 213 ہسپتالوں میں 11 ہزار 336 بستر کووِڈ 19 مریضوں کے لیے مختص کیے گئے جن میں سے 553 یا 4.8 فیصد زیر استعمال ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان میں مریضوں کے زیر استعمال بستروں کی شرح 2.1 فیصد ہے، 57 ہسپتالوں میں 827 بستر مختص کیے گئے جن میں 24 پر مریض موجود ہیں۔

راولپنڈی

مارچ میں وبا کے پھیلاؤ سے اب تک ادھیڑ عمر یا معمر افراد سے زیادہ نوجوان کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تاہم شرح اموات بزرگوں میں زیادہ ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع راولپنڈی میں 11 سے 40 سال تک کی عمر کے 3 ہزار 612 افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جس میں ایک ہزار 446 خواتین شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کی دوسری لہر میں تیزی: ملک میں ایک روز میں 59 اموات

مزید یہ کہ مریضوں میں 471 بچے بھی شامل ہیں جن میں 198 لڑکیاں جبکہ 273 لڑکے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ 41 سے 50 سال کی عمر کے ایک ہزار 541 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جن میں 690 خواتین اور 850 مرد شامل ہیں۔

اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ 11 سے 40 سال تک کی عمر کے 29 اور 41 سے 50 سال کی عمر کے 67 مریض انتقال کر گئے، اموات کی شرح سب سے زیادہ 51 سال یا اس سے زائد کی عمر کے مریضوں کی ہے اور اس گروپ کے 259 افراد اب تک زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

چکوال

چکوال میں کووِڈ کے اب تک 346 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 45 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 25 ہے۔

چکوال کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کے فوکل پرسن برائے کووِڈ 19 جنرل عنبر گیلانی نے ڈان کو بتایا کہ چند روز قبل ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر 2 کالجز کو سیل کردیا گیا تھا۔

اٹک

ضلعی صحت اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر جواد الٰہی نے بتایا کہ ضلع بھر میں کورونا وائرس کے 63 مریض فعال ہیں جن میں سے 56 گھروں میں آئیسولیٹ ہیں جبکہ 7 ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مزید 5 مشتبہ مریض بھی ڈسٹرک ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ٹیکسلا

ٹیکسلا میں اب تک وائرس کا شکار بننے والے افراد کی تعداد 659 ہے۔

ڈپٹی ڈسٹرک افسر ہیلتھ ڈاکٹر سارا قدیر نے بتایا کہ زیادہ تر کیسز کا تعلق واہ کنٹونمنٹ کے شہری علاقے سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس علاقے میں فعال مریضوں کی تعداد 168 ہے اور تمام مریض گھروں پر آئیسولیٹ ہیں۔

شمالی وزیرستان: آپریشن میں 4 دہشتگرد ہلاک، سپاہی شہید

پی ڈی ایم قیادت کی مٹن تکہ، چکن تکہ، کابلی پلاؤ اور چپلی کباب سے تواضع

ٹی وی پر مرد اداکاروں کیلئے چند کردار ہی مخصوص ہیں، جنید خان