پاکستان

پاکستان نے پھیپھڑوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کا جدید آلہ تیار کرلیا

کووریڈ ڈیوائس مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کردہ ہے جو پھیپھڑوں میں کورونا کے انفیکشن کی تشخیص کرے گی، سی ای او ڈریپ
| Welcome

پاکستان نے پھیپھڑوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کا جدید آلہ تیار کر لیا جس سے مصنوعی ذہانت کے ذریعے پھیپھڑوں میں کورونا انفیکشن کی مقدار معلوم ہو سکے گی۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (‏ڈریپ) نے کورونا کی جدید تشخیصی میڈیکل ڈیوائس 'کووریڈ' کی منظوری دے دی ہے۔

ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ڈاکٹر عاصم رؤف نے میڈیکل ڈیوائس رجسٹریشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوائس کو ڈریپ ایکٹ 2012 کے تحت رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کووریڈ ڈیوائس مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کردہ ہے جو پھیپھڑوں میں کورونا کے انفیکشن کی تشخیص کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالر کی گرانٹ منظور

سی ای او ڈریپ نے کہا کہ کووریڈ سے پھیپھڑوں میں کورونا انفیکشن کی مقدار معلوم ہو سکے گی، ‏میڈیکل ڈیوائس ایک منٹ سے کم وقت میں نتائج دیتی ہے اور اس سے کورونا کے علاج میں نمایاں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کووریڈ میڈیکل ڈیوائس دنیا کے چند ممالک کے پاس ہے، ‏پاکستان یہ ٹیکنالوجی دنیا کے دیگر ممالک کو فراہم کرے گا اور یہ ڈیوائس جلد ملک بھر میں دستیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کووریڈ ڈیوائس نیشنل الیکٹرانکس کمپلیکس پاکستان کی تیار کردہ ہے جبکہ ڈیوائس کی مقامی سطح پر تیاری بڑی کامیابی ہے۔

کووریڈ کی ویب سائٹ کے مطابق اس ڈیوائس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو کورونا سے متاثرہ اور غیر متاثرہ افراد کے سینے کے ایکس ریز کے ڈیٹا کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔

اس سوفٹ ویئر کو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں وائرس کی تشخیص کے لیے ایکس رے کی تصاویر درکار ہوتی ہیں۔

ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ الگورتھم کو 35 ہزار سے زائد ایکس ریز کے ذریعے تربیت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے کورونا وائرس کے پھلاؤ کے بعد معیاری فیس ماسک اور طبی آلات تیار کیے جارہے ہیں اور کئی ممالک میں انہیں برآمد بھی کیا جارہا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیار کرتی جارہی ہے اور یومیہ کیسز اور اموات تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ملک میں کورونا مریضوں کیلئے وینٹیلیٹر کے استعمال میں اسلام آباد دوسرے نمبر پر

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 71 ہزار 508 ہے جس میں سے 3 لاکھ 28 ہزار 931 صحتیاب ہوئے ہیں جو 88 فیصد سے زائد ہے جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 603 تک پہنچ گئی ہیں۔

ان حالات میں کووریڈ ڈیوائس کی مقامی سطح پر تیاری وائرس کی تشخیص کے حوالے سے اہم قدم ہے۔