دنیا

بھارت: شیو سینا کے رہنما کی دھمکی پر مٹھائی کی دکان کے نام سے 'کراچی' ہٹادیا گیا

میں اس معاملے پر کوئی مسئلہ نہیں چاہتا،میں نے اپنے وکلا سے مشاورت کی ہے، مالک کراچی سوئٹس

بھارت کے شہر ممبئی میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اتحادی جماعت شیو سینا کے رہنما نتن نندگاؤنکر کی جانب سے 'کراچی سوئٹس' کا نام تبدیل کرنے کی مبینہ دھمکی کے بعد دکان کے مالک نے سائن بورڈ سے 'کراچی' لفظ کو ڈھانپ دیا۔

انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کے باندرہ ویسٹ میں واقع کراچی سوئٹس کے مالک کو نام تبدیل کرنے کا کہنے سے متعلق شیو سینا کے رہنما کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

دکان کے مالک نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ 'میں اس معاملے پر کوئی مسئلہ نہیں چاہتا'۔

مزید پڑھیں: نام میں کیا ہے: بھارت میں بیکری کے نام سے لفظ 'کراچی' ہٹا دیا گیا

انہوں نے کہا کہ 'میں نے اپنے وکلا سے مشاورت کی ہے اور ہوسکتا ہے کہ آنے والے دنوں میں سائن بورڈز سے کراچی نام تبدیل کردوں اور ہوسکتا ہے کہ ایسا نہ ہو'۔

دکان کے مالک نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ شیو سینا کے رہنما نتن نندگاؤنکر ان کی دکان پر آئے تھے اور دکان کا نام تبدیل کرنے کا کہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شیو سینا کے رہنما نے مجھ سے مناسب انداز میں بات کی تھی اور باقی جو کچھ ہوا وہ لوگ ویڈیو میں پہلے ہی دیکھ چکے ہیں۔

نتن نندگاؤنکر کی مبینہ دھمکی کے بعد مٹھائی کی دکان کے مالک نے مرکزی سائن بورڈ سے لفظ کراچی کو اخبار سے چھپادیا ہے۔

دوسری جانب شیو سینا کے رہنما نتن نندگاؤنکر نے اپنے فیس بک پیج پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں انہیں کراچی سوئٹس کے مالک سے بات کرتے اور سائن بورڈ میں موجود نام سے کراچی ہٹانے کا کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ 'یہ نام ممبئی اور مہارشٹرا میں قابل قبول نہیں ہے، آپ اپنا یا اہلخانہ کا نام استعمال کرلیں'۔

شیو سینا کے رہنما نے کہا کہ 'ہم آپ کو مہلت دے رہے ہیں اور آپ کو ایسا کرنا ہوگا، کراچی کو مراٹھی میں کسی نام سے تبدیل کردیں'۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے 'کراچی سوئٹس' کے مالک سے کہا کہ وہ 15 دن بعد دوبارہ آئیں گے۔

انہوں نے دکان کے مالک سے بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے دفتر میں نام تبدیل کرنے میں ضرورت پڑنے پر مدد کے لیے خود سے رجوع کرنے کا بھی کہا۔

دوسری جانب شیو سینا کے رہنما کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کی جماعت کے لیڈر سنجے راوت نے کہا ہے کہ یہ ان کی جماعت کا باضابطہ مطالبہ نہیں ہے۔

اسکرول ڈاٹ ان کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ٹوئٹ میں شیو سینا کے رہنما سنجے راوت نے کہا کہ یہ ان کی پارٹی کا باضابطہ مؤقف نہیں ہے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ 'کراچی بیکری اور کراچی سوئٹس ممبئی میں گزشتہ 60 برس سے ہیں'۔

سنجے راوت نے کہا کہ 'ان کا پاکستان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، اب ان کے نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کرنے کی وجہ نہیں بنتی'۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: ’کراچی بیکری‘ کے عملے کو ہراساں کرنے کے جرم میں 9 افراد گرفتار

انہوں نے مزید کہا کہ 'ان کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ شیو سینا کا مؤقف نہیں ہے'۔

خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ بھارت میں کراچی کے نام سے منسوب کسی دکان کو ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہو۔

گزشتہ برس بھارتی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگالورو میں قائم کراچی بیکری سے لفظ ’کراچی‘ ہٹانے کے لیے بیکری کے عملے کو ہراساں کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔

مشتعل ہجوم کے احتجاج کے بعد بیکری کے مالک نے سائن بورڈ پر موجود 'کراچی' کے لفظ کو ڈھانپ دیا تھا اور بعدازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 9 افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔

صارف کی شکایت پر 'کے الیکٹرک' کو ایک لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ

دنیا کے سستے ترین شہروں میں پاکستان کا کونسا شہر شامل ہے؟

'میں زندہ ہوں' چاچا کرکٹ کی اپنی موت کی افواہوں کی تردید