پاکستان

پارا چنار: شادی کی تقریب کے دوران گھر کی چھت گرنے سے بچوں، خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق

حادثے میں 40 افراد زخمی ہوئے جن میں زیادہ تر تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، سردی کی وجہ سے تقریب گھر کے اندر منعقد کی گئی، ریسکیو
|

صوبہ خیبر پختونخوا کی کرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار میں شادی کی تقریب کے دوران گھر کی چھت گرنے سے بچوں اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق گھر کی چھت گرنے کا واقعہ پاراچنار کے علاقے پیواڑ میں پیش آیا۔

مزید پڑھیں: گلبہار میں منہدم 7 منزلہ عمارت کی تعمیر کے لیے ایس بی سی اے نے رشوت لی، پولیس

انہوں نے بتایا کہ جب گھر کی چھت گری تب شادی کی تقریب جاری تھی، حادثے میں 40 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سردی کی وجہ سے شادی کی تقریب گھر کے اندر منعقد کی گئی تھی‘۔

انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 5 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شادی کی تقریب میں کم از کم 100 افراد شریک تھے اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 نے ملبے تلے سے 50 سے زائد افراد کو نکال لیا ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا جہاں ان کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور میں بوسیدہ عمارت کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی

علاقہ مکین نے بتایا کہ واقعے کے فوری بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیاں شروع کردی اور اس دوران ریسکیو کی ٹیمیں پہنچ گئیں۔

واضح رہے کہ 3 جون کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں مدرسے کی چھت گرنے سے 7 بچے جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس اعظم خان نے بتایا تھا کہ زخمی بچوں کو ضلع ہنگو کے علاقے تھل کے ایک ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

کراچی: ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس،میرج ہالز کےخلاف کارروائی کا فیصلہ

گوگل کروم کے ایک بہترین فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ جان لیں

مودی کا بائیڈن سے ٹیلیفونک رابطہ، اسٹریٹجک تعلقات مزید گہرے کرنے کا عزم