وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا جنوبی وزیرستان کا دورہ، مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف سڑکوں کا سنگ بنیاد اور ہسپتال کا افتتاح کیا۔
محمود خان نے 41 کلومیٹر طویل کوٹکی۔کاراما۔کنیگُرام روڈ اور 10 کلومیٹر طویل جانا طائی۔ٹاکائی۔نِشپا روڈ کا سنگ بنیاد رکھا جبکہ ٹوئی کُھلا میں 40 بستروں کے کیٹیگری ڈی ہسپتال کا افتتاح کیا۔
اس ہسپتال میں چھ مختلف شعبوں میں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کَنیگرام اور ٹوئی کھلا میں قبائلی عمائدین کے جرگوں سے بھی خطاب کیا۔
ان کے ہمراہ صوبائی وزیر اکبر ایوب، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود اور آئی جی ایف سی جنوبی میجر جنرل عمر بشیر بھی تھے۔
یہ بھی پڑھیں: صوبوں سے قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے 110 ارب روپے مختص کرنے کا مطالبہ
واضح رہے کہ رواں سال جون میں وفاق نے صوبوں سے کہا تھا کہ وہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے حصص کی مناسبت سے قبائلی علاقوں کی خصوصی ترقی اور صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے آئندہ سال کے اپنے بجٹ میں سے مشترکہ طور پر 110 ارب روپے مختص کریں۔
قبل ازیں اپریل میں حکومت نے قبائلی علاقوں کے عارضی طور پر بے گھر افراد (ٹی ڈی پی) کے لیے ترقیاتی اسکیموں کے لیے مختص فنڈز میں سے ایک بڑا حصہ منتقل کرکے سیکیورٹی میں اضافے کے لیے مختص کردیا تھا۔
وفاقی حکومت کے فیصلے سے سیکیورٹی کے لیے مختص فنڈ تقریباً 67 فیصد تک بڑھا کر 53 ارب روپے تک کردیے گئے تھے۔