14 بیٹوں اور 3 دہائیوں بعد ایک جوڑے کے ہاں بیٹی کی پیدائش
3 دہائیوں کی کوششوں کے بعد کیٹری اور جے اسکوانڈٹ آخر کار بیٹی کو خوش آمدید کہنے میں کامیاب ہوگئے۔
امریکی ریاست مشی گن سے تعلق رکھنے والے اس جوڑے کے 14 بیٹے ہیں اور گزشتہ ہفتے اس خاندان میں 17 ویں رکن میگی جین کا اضافہ ہوا۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق جے اسکوانڈٹ نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا 'ہم اپنے خاندان میں میگی کی آمد سے خوش اور توقع سے زیادہ پرجوش ہیں، یہ سال متعدد وجوہات کی بنا پر یادگار ثابت ہوا، مگر میگی ہماری توقعات سے بڑھ کر ملنے والا عظیم ترین تحفہ ہے'۔
اس جوڑے کی شادی 1993 میں ہوئی تھی اور اس وقت دونوں 45 سال کے ہیں اور میڈیا ان کے لیے نیا نہیں۔
جب بھی ان کے ہاں اولاد ہوتی تو امریکی میڈیا میں خبریں شائع ہوتیں، کیونکہ یہ عرصے سے بیٹی کے خواہشمند تھے۔
جب 2018 میں ان کے 14 ویں بیٹے فینلے کی پیدائش ہوئی تو جوڑے نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ کبھی بھی اپنے بچے کی جنس پیدائش سے پہلے معلوم نہیں کرتے۔
اس موقع پر جے اسکوانڈٹ نے کہا تھا 'اس کے نتیجے میں بیٹوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، مگر یہ تجسس بہت اچھا ہے کہ اس بار لڑکی ہوگی یا لڑکا، اگر لڑکی ہوئی تو پھر؟'
ان کے سب سے بڑے بیٹے 28 سالہ ٹیلر اسکوانڈٹ نے بہن کی پیدائش کے حوالے سے کہا کہ شاید ہم بھائیوں کو چند سال اس سے مطابقت پیدا کرنے میں لگ جائیں کہ اب گھر میں ایک لڑکی آگئی ہے۔
ٹیلر کا کہنا تھا کہ ہمارے والدین نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ بیٹی پیدا ہوسکے گی 'میں تو یہ بھی نہیں جانتا کہ میری ماں کے پاس گلابی رنگ کے لباس یا کچھ اور ہے یا نہیں'۔
اس نے مزید بتایا کہ اسے نے سوچا نہیں تھا کہ والدین کسی لڑکی کے نام کے لیے تیار ہیں، کیوکہ پہلے کبھی ضرورت ہی نہیں پڑی، میگی کا نام والدہ کی جانب سے سامنے آیا، جن کا مڈل نیم مارگریٹ ہے جبکہ جین والد کے پہلے نام کا بہترین ورژن ہے۔
یہ خاندان ایک 200 ایکڑ رقبے پر پھیلے فارم میں رہتا ہے۔
اس خاندان نے کچھ عرصے پہلے ایک ٹی وی شو 14 آؤٹ ڈورز مین بھی تیار کیا تھا، مگر میگی کی آمد کے بعد حالات میں تبدیلی آئے گی، کیونکہ پہلے تو شو کا ہی نام بدلنا ہوگا۔
2014 میں کیٹری نے ایک انٹرویو میں کہا 'اگر کبھی ہمارے ہاں لڑکی کی پیدائش ہوئی، تو میرے خیال میں ہمیں شاک کا سامنا ہوگا'۔