پاکستان

چکوال: گھریلو تنازع پر باپ نے بیٹے کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا

باپ بیٹے کے درمیان جھگڑا روز کا معمول تھا، مقتول وقار سابقہ بیوی کو ادائیگی کے لیے گھر فروخت کرنا چاہتا تھا، شکایت گزار

چکوال کے علاقے پیر لاڈلا میں گھریلو تنازع پر ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنے 27 سالہ بیٹے کو قتل کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 اور پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ مقتول کی شناخت محمد وقار کے نام سے ہوئی، جو ایک سال کی بچی کا باپ تھا، واقعے کی اطلاع مقتول کے چھوٹے بھائی نے دی تھی۔

مقتول کے بھائی کا کہنا تھا کہ ملزم اور وقار کے درمیان جھگڑے ہونا معمول تھا کیونکہ وقار طلاق کے بعد بیوی کی جانب سے عدالت میں بچی کے نان نفقے کے لیے دائر دعویٰ ہارنے کے بعد رقم کی ادائیگی کے لیے گھر فروخت کرنا چاہتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: 'غیرت کے نام' پر بیوی کا قتل

مقتول کے بھائی کا کہنا تھا کہ 'ہفتے کی رات کو ان کے والد نے انہیں جگایا اور کہا کہ میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور مارکیٹ سے کولڈ ڈرنک لانے کے لیے کہا'۔

شکایت گزار نے بتایا کہ جب میں گھر واپس آیا تو میں نے دیکھا کہ میرے والد نے تیز دھار آلے سے وقار پر حملہ کیا جو اس وقت نیند کی حالت میں تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم نے قتل کرنے کے بعد کپڑے بدلے اور خون آلود کپڑے اور آلہ قتل کو ایک شاپنگ بیگ میں ڈال کر گھر سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے ڈان کو بتایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: گھریلو تنازع پر بھائی نے چھوٹے بھائی کی جان لے لی

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اس طرح کے کئی لرزہ خیز واقعات پیش آچکے ہیں۔

2 روز قبل فیصل آباد میں ایک شخص نے گھر میں شور مچانے پر اپنی 6 سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر تشدد کر کے قتل کردیا تھا۔

چک 476-جی بی سے تعلق رکھنے والے محمد سردار نے پولیس تھانے میں درخواست جمع کرائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ان کے بھتیجے ریاض احمد نے اپنی بیٹی نور فاطمہ کو ڈنڈے مار مار کر قتل کردیا۔

قبل ازیں پنجاب کے ضلع اٹک کی تحصیل حضرو میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کردیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق گاؤں کے ایک گھر میں 5 لاشیں موجود تھیں جنہیں نامعلوم افراد نے قتل کیا، مقتولین کو ہاتھ پاؤں باندھ کر تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔

یہ بجی پڑھیں: فیصل آباد: ’شور مچانے پر‘ والد نے 6 سالہ بیٹی کو تشدد کر کے ’قتل‘ کردیا

علاوہ ازیں راولپنڈی ایئرپورٹ تھانے کے علاقے میں واقع دھوکے کمال دین میں خاندانی تنازع پر 3 بہنوں اور ان کے ایک بھائی کو موت کی نیند سلا دیا گیا تھا جبکہ ایک اور خاتون زخمی بھی ہوگئیں تھیں۔

صوبہ پنجاب کے علاقے ملتان میں ایک نوجوان نے مبینہ طور پر رشتے کے تنازع پر ایک مکان میں فائرنگ کرکے 5 افراد کو قتل کیا تھا اور بعد ازاں موقع پر ہی خود کشی کرلی تھی۔

گلگت کی انتخابی مہم میں مصروف قمر زمان کائرہ، کیپٹن (ر) صفدر کورونا سے متاثر

محموداللہ کورونا وائرس کا شکار ہو کر پی ایس ایل پلے آف سے باہر

پاکستان میں موٹاپے میں 3 گنا اضافے سے ذیابیطس بڑھ گیا