پاکستان

گلگت بلتستان: اکثریت ملی تو حق ملکیت دلوانے کیلئے قانون سازی کریں گے، بلاول

ذوالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان کے عوام کو اتنا روزگار دیا کہ لینے والے کم پڑگئے، چیئرمین پیپلز پارٹی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں واضح اکثریت کی صورت میں حق ملکیت دلوانے کے لیے قانون سازی کریں گے۔

دیامیر میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ماضی میں آپ نے ذوالفقار علی بھٹو کا ساتھ دیا اور انہوں نے ایف سی آر کا خاتمہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو حق روزگار دینے کا بھی وعدہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے جب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت آئی ہے لوگوں کو روزگار ملا ہے۔

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان کے انتخابات کو ریفرنڈم قرار دے دیا

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں موجود معدنیات کی ملکیت بھی عوام کو دے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان کے عوام کو اتنا روزگار دیا کہ لینے والے کم پڑگئے، انہوں نے کھانے پینے کی اشیا کے ساتھ ساتھ کپڑوں پر بھی سبسڈی دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے قراقرم کی بنیاد رکھ کر یہاں کے عوام کے لیے معاشی انقلاب شروع کیا تھا، اسی نظریے کو فالو کرتے ہوئے ہم ان کے مشن کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے لیڈی ہیلتھ ورکرز اور خواتین پولیس قائم کی کیوں کہ وہ جانتی تھیں کہ ہر طبقے کو معاشی مواقع دینے سے ہی ملک کی معیشت بہتر ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی وجہ سے سی پیک بنا لیکن اسے اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوا، یہ پیپلز پارٹی تھی جس نے گلگت بلتستان کو شناخت دی، یہاں اسمبلی قائم کی، گورنر اور وزیر اعلیٰ کے عہدے دیے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوری میں اسلام آباد پہنچ کر کٹھ پتلی کو گھر بھیج دیں گے، بلاول بھٹو زرداری

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بینظیر کی تصویر ہٹا کر سوچا کہ وہ عوام کے دل سے انہیں مٹا سکتی ہے لیکن یہ ان کی بھول ہے، یہاں کے عوام اور اس ملک کی ہر عورت بینظیر بھٹو کو کبھی نہیں بھول سکتی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح مقامی لوگوں کو روزگار سے محروم رکھا جارہا ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ جب بھی قومی یا مقامی سطح پر منصوبہ شروع کرتے ہیں، آپ لوگوں کا خیال رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب جو کام رہتا ہے وہ صرف پیپلز پارٹی ہی کر سکتی ہے۔

میری آنکھیں، میرا طاقتور ہتھیار ہیں، کیارا اڈوانی

لاہور: پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی کو گرفتار کرلیا

اپوزیشن جان لے کہ آپ سب کا مقابلہ مجھ سے ہے، عمران خان