دنیا

نیوزی لینڈ: جسینڈا آرڈرن نے دوسری مدت کیلئے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھال لیا

جسینڈا آرڈرن اور ان کے وزرا نے ویلنگٹن میں ایک تقریب کے دوران انگریزی اور ماؤری زبان میں حلف اٹھایا۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے تاریخی فتح حاصل کرنے کے بعد دوسری مدت کے لیے اپنا منصب سنبھال لیا۔

خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق جسینڈا آرڈرن اور ان کے وزرا نے ویلنگٹن کے گورنمنٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں انگریزی اور ماؤری زبانوں میں حلف اٹھایا۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ: عام انتخابات میں جیسنڈا آرڈرن کی جماعت بھاری اکثریت سے کامیاب

جسینڈا آرڈرن نے تقریب میں بڑی تعداد میں شریک ماؤری افراد، اپنی ٹیم اور خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں یہی کہوں گی کہ اس ٹیبل پر بیٹھنا آؤتیاروا نیوزی لینڈ ہے’۔

انہوں نے ماؤری افراد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘وہ مجموعی طور پر مختلف پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہیں، انتہائی باصلاحیت، تجربہ کار، بحران سے نمٹنے کی صلاحت اور ملک کی خدمت کا عزم رکھتے ہیں’۔

جسینڈا آرڈرن کووڈ-19 سے جنگ میں کامیابی کو 17 اکتوبر کی جیت کی وجہ سمجھتی ہیں اور ان کی بائیں بازوں کی لیبر پارٹی کو جنگ عظیم دوم کے بعد اتنی بڑی کامیابی ملی ہے۔

نیوزی لینڈ کے انتخابات کے حتمی نتائج کے مطابق جسینڈا آرڈرن نے 50 فیصد ووٹ حاصل کیے اور 120 نشستوں کے ایوان میں 65 نشستیں حاصل کیں جبکہ ابتدائی نتائج میں 64 نشستیں بتائی گئی تھیں۔

مرکزی اپوزیشن جماعت نیشنل پارٹی کی نشستیں 35 سے کم ہو کر 33 رہ گئی ہیں جس کے بعد ان کی مہم کے سربراہ اور پارٹی کے نائب گیری براؤنلی نے استعفیٰ دے دیا۔

جسینڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ اصلاحات کے لیے ان کے پاس واضح مینڈیٹ ہے تاہم ترجیح کووڈ-19 سے نمٹنا اور وائرس سے متاثرہ معیشت کی بحالی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ: مساجد میں فائرنگ کرنے والے دہشتگرد کو ملکی تاریخ کی بدترین سزا

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں یہ یقینی بنانا ہے کہ جنہوں نے ہمیں منتخب کیا ہے ہم ان سب کی نمائندگی کر رہے ہیں چاہے وہ شہر، مضافات، جنرل یا ماؤری نشستیں ہیں’۔

انہوں نے انفرااسٹرکچر اور سرکاری ہاؤسنگ منصوبوں سمیت توانائی، موسمیاتی تبدیلی، غربت اور عدم مساوات جیسے مسائل پر اصلاحات کا اشارہ دیا۔

خیال رہے کہ جسینڈا آرڈرن کی کامیابی پر ویلنگٹن میں وکٹوریہ یونیورسٹی کے سیاسی مبصر برائس ایڈورڈز نے نتائج کو 80 برس کی نیوزی لینڈ کی انتخابی تاریخ کی سب سے بڑی تبدیلی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ 'یہ ایک تاریخی تبدیلی ہے'۔

اپوزیشن کی نیشنل پارٹی کی سربراہ جوڈتھ کولنز نے کہا تھا کہ انہوں نے وزیر اعظم کو فون کرکے 'شاندار نتائج' پر مبارکباد دی۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے گزشتہ برس مارچ میں کرائسٹ چرچ کی مساجد میں دہشت گردی کے حملوں کے بعد اپنی بہترین حکمت عملی سے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی تھی۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ 2019 کو النور مسجد اور لِین ووڈ میں دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ نے اس وقت داخل ہوکر فائرنگ کی تھی جب بڑی تعداد میں مسلمان نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود تھے۔

مزید پڑھیں: کرائسٹ چرچ: دہشتگرد زیادہ ہلاکتوں کیلئے مسجد جلانے کا ارادہ رکھتا تھا، پراسیکیوٹر

اس افسوس ناک واقعے میں 50 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے اور نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے حملوں کو دہشت گردی قرار دیا تھا۔

مسجد میں فائرنگ کرنے والے دہشت گرد نے حملے کی لائیو ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر نشر کی، جسے بعد میں نیوزی لینڈ حکام کی درخواست پر دل دہلا دینے والی قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا سے ہٹادیا گیا تھا۔

جیسنڈا آرڈرن اور فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے نیوزی لینڈ کی 2 مساجد پر حملے کی لائیو ویڈیو وائرل ہونے پر آن لائن انتہا پسندی کے خلاف 'کرائسٹ چرچ کال' کے نام سے مہم کا آغاز کیا تھا۔

بعد ازاں مجرم برینٹن ٹیرنٹ کو نیوزی لینڈ کی تاریخ کی بدترین سزا بغیر ضمانت کے عمر قید سنائی گئی، اس سزا سے مساجد میں فائرنگ کرنے والے دہشت گرد کو کسی بھی صورت معافی کا حق حاصل نہیں ہوگا۔

جنوری کے بعد وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت بن رہی ہے، بلاول بھٹو

وزرا، اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں کو 3 روز میں گلگت بلتستان چھوڑنے کا حکم

'نہیں جاؤں گا'، جمائما کا ڈونلڈ ٹرمپ پر مزاحیہ تبصرہ