عامر لیاقت اور اہلیہ طوبیٰ عامر بھی کورونا وائرس کا شکار
رکن قومی اسمبلی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور اینکر عامر لیاقت حسین اور ان کی اہلیہ طوبی عامر بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
عامر لیاقت حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک ٹوئٹ میں کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی۔
رکن قومی اسمبلی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ اور ان کی دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر کووڈ-19 کے حملے کی زد میں ہیں۔
عامر لیاقت حسین نے بتایا کہ انہیں اور اہلیہ کو وائرس کا شکار ہوئے آج (5 نومبر کو) دوسرا دن ہے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کورونا وائرس میں مبتلا
اس کے ساتھ ہی انہوں نے بیماری اور صحت سے متعلق قرآن شریف کی آیت شیئر کرتے ہوئے اسے وائرس کا علاج قرار دیا۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے میں ادرک، لہسن، کلونجی، کالی مرچی، لونگ اور زیرہ مددگار ثابت ہورہے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے عالمی وبا کورونا وائرس سے صحتیابی کے لیے عوام سے دعا کی اپیل بھی کی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر جاری پوسٹ میں رکن قومی اسمبلی کی اہلیہ نے بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی۔
طوبیٰ عامر نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ان کا اور عامر لیاقت حسین کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وائرس کی تصدیق کے بعد دونوں گھر میں آئسولیشن میں ہیں، انہوں نے سب سے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اب دوبارہ بتدریج اضافہ شروع ہوگیا ہے اور 5 نومبر کی شام تک پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 38 ہزار 875 ہوگئی تھی جن میں سے 3 لاکھ 16ہزار 665 صحتیاب جبکہ 6 ہزار 893 مریض انتقال کرچکے۔
اب تک متعدد سیاستدان و شوبز شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں جبکہ بعض تو اس وبائی مرض کے باعث انتقال بھی کرگئے ہیں۔